• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 2070

    عنوان: غسل کے بعد چرمی موزے پہنے پھر نماز ادا کی‏، بعد میں کچھ نمی محسوس ہوئی‏، کیا وضو میں مسح کافی ہوجائے گا؟

    سوال: مجھے احتلام ہوا، میں نے پیشاب کیا اور نماز فجر کے وقت غسل کیا ۔ میں نے چرمی موزے پہنے اور سنت نماز ادا کی۔ جب مسجد میں فرض نماز ادا کرکے کپڑا بدلنے کے واسطے گھر واپس آیا ، مجھے اپنے زیریں کپڑے میں ناپاکی (منی یا پیشاب) کا دھبہ محسوس ہوا۔ میں سمجھتا ہوں کہ اگر کوئی انزال کے بعد پیشاب کرے اور غسل کرے ، پھر ناپاکی کا کوئی اثر دیکھے تو اس صورت میں وضو کافی ہوگا؟ میرے معاملہ میں کیوں کہ میں نے چرمی موزے پہن لیے ہیں ، تو کیا مجھے موزوں کو اتار کر دوبارہ وضو کرنا ہوگا؟ یا نماز پڑھنے کے لیے وضو کرنا اور چرمی موزوں پر مسح کرنا ہی کافی ہوگا؟

    جواب نمبر: 2070

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 851/ د= 817/ د

     

    آپ کو زیریں کپڑے میں جو دھبہ محسوس ہوا، اگر غسل کے بعد وہ کپڑا پاک تھا جسے آپ نے پہنا تو یہ دھبہ پیشاب یا ودی کا ہوسکتا ہے۔ جس سے صرف وضو ٹوٹتا ہے غسل واجب نہیں ہوتا، آپ خود اپنے دل میں فیصلہ کیجیے کہ غسل کرنے سے پہلے یہ چیز اگر نکلی ہے تب تو آپ کا وضو اور نماز درست ہوگئی اور موزہ پہننا صحیح ہوا، اور اگر غسل کے بعد نماز سے پہلے نکلی ہے تو نماز درست نہیں ہوئی۔ نیز موزہ پہننے کے وقت آپ کا وضوء اور غسل درست تھا تو آپ آئندہ اس پر مسح کرسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند