• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 168895

    عنوان: ٹیشو پیپر رکھنے پر پیشاب کے قطرے اگر نکل جائیں تو وضو اور نماز كا كیا حكم ہے؟

    سوال: میرے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ اگر میں نماز کے لیے استنجاء کرتا ہوں تو وضو کے بعد یا نماز کے دوران پیشاب کے ایک یا دو قطرے گرجاتے ہیں، ایسا لگتاہے کہ یہ اعصابی مسئلہ کی وجہ سے ہے۔ میں 30سے 45منٹ تک بیٹھے رہتاہوں تاکہ پیشاب کے قطرے نہ نکلیں، اور اب میری حالت یہ ہے کہ میں نارمل انداز میں چل نہیں پاتا، میں نماز کے وقت استنجا کرتاہوں ، یہ ایک مسئلہ ہے، اور اگر پیشاب کے قطرے نکلتے ہیں تو میں دو بارہ وضو کرتاہوں اور دو بارہ نماز پڑھتاہوں۔ کیا میں اس سے بچنے کے لیے انڈوئیر میں ٹشو پیپر رکھ سکتاہوں کہ پیشاب کے قطرے کپڑوں کو ناپاک نہ کرے؟ مجھے کسی نے کہا ہے کہ پیشاب کے قطرے ٹشوپیپر پر گرتے ہیں تو اس سے وضو اور نماز پر کوئی فرق نہیں پڑتا، کیوں کہ یہ ایک طبی مسئلہ ہے، کیا بات درست ہے؟ مزید یہ کہ جماعت سے نماز پڑھنے کے دوران یہ مسئلہ پیش آتاہے تو مجھے کیا کرنے کی ضروت ہے؟ میں عام طورپر مسجد کے درمیان ہوتاہوں۔ براہ کرم، اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔ شکریہ

    جواب نمبر: 168895

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 734-713/H=07/1440

    (۱) ٹیشوپیپر اتنی مقدار میں رکھ لیں کہ پیشاب کے قطرے نکل جائیں اور ٹیشوپیپر میں ہی جذب ہو جائیں اور کپڑوں تک پیشاب کی تری نہ پہونچے تو کپڑے ناپاک نہ ہوں گے مگر قطرے نکلنے پر وضوء ٹوٹ جائے گا اور پیشاب جسم کے جس حصہ پر لگے گا وہ حصہ ناپاک ہو جائے گا اگر نماز میں قطرے نکلے تو نماز بھی ٹوٹ جائے گی ٹیشوپیپر نکال کر پاکی حاصل کرکے وضوء کرنا ہوگا اور نماز دہرانی ہوگی۔

    (۲) درمیان نماز اگر قطرے نکل جائیں تو فوراً نماز سے الگ ہو جائیں اور صفوں میں سے نکل کر پاکی حاصل کرکے وضوء اور نماز کا اعادہ کریں اگر نکلنے کا موقعہ نہ ہو تو نماز چھوڑ کر اس احتیاط سے بیٹھ جائیں کہ فرشِ مسجد کی تلویث کا اندیشہ نہ ہو احتیاطاً اپنا ذاتی مصلی یا موٹا کپڑا ساتھ رکھیں اور نماز کے وقت اس کو بچھاکر اُسی پر نماز پڑھا کریں تاکہ مسجد کا فرش وغیرہ ناپاک ہونے کا اندیشہ اور احتمال نہ رہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند