• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 168502

    عنوان: مسلسل قطرے نكلتے ہیں میں نماز اور قرآن كیسے پڑھوں؟

    سوال: مجھے پشاب کے قطر ے کی بیماری ہے، اکثر دن میں کئی مرتبہ پیشاب کا قطرہ نکل جاتاہے جس کی وجہ سے میرے کپڑے (انڈوئیر) بھی خراب ہوجاتاہے ، اکثر وضو کرنے کے بعد قطرہ نکل جاتاہے ، میں ملازمت کرتاہوں جس کی وجہ سے کافی پریشانی ہوتی ہے، میں ہر بار وضو نماز سے پہلے استنجا کرتاہوں اور انڈوئیر کے پیشاب کی جگہ کو دھوتاہوں ، لیکن پھر بھی وضو کے بعد قطرہ نکل جاتاہے ، میں نے اس کا علاج بھی کروایا مگر ابھی تک کوئی فائدہ نہیں ہوا، بار بار انڈروئیر کی جگہ دھونے سے اور نیچے کی جگہ گیلا رہنے کی وجہ سے فنگس (fungus ) جیسی بیماری لگ گئی ہے۔ میرا سوال یہ ہے کہ میں اس پریشانی میں نماز اور قرآن کیسے پڑھوں؟ کیا وضو کرنے کے بعدا گر قطرہ نکلے تو میں دوبارہ وضو کروں یا پھر ایسے ہی نماز یا قرآن پڑھ سکتاہوں؟ کیا میں اپنے عضوء خاص کو کسی کپڑے سے پٹی کی طرح لپیٹ کر پھر وضو کرکے نماز یا قرآن پڑھ سکتاہوں؟

    جواب نمبر: 168502

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:623-536/L=6/1440

    آپ اگر معذورِشرعی میں داخل نہیں ہیں بایں طور کہ آپ کو نماز کے پورے وقت میں اتنا وقت مل جاتا ہے کہ آپ اس میں باوضو رہ کر نماز ادا کرلیا کریں تو آپ پر باوضو نماز ادا کرنا ضروری ہوگا اور اگر دورانِ نماز قطرات آگئے تو دوبارہ وضو کرکے اور جس جگہ قطرہات لگے ہیں اس کو پاک کرکے نمازادا کرنا ضروری ہوگااسی حالت میں نماز ادا کرنا درست نہ ہوگا ؛البتہ زبان سے قرآن پڑھنے کے لیے چونکہ باوضو ہونا ضروری نہیں ؛اس لیے آپ زبانی تلاوت کرلیا کریں اور اگر قرآن دیکھ کرپڑھنا ہو تو اس میں بھی حتی الوسع باوضو اور پاک ہوکر قرآن پڑھنے کی کوشش کریں ؛البتہ اگر دشواری ہو تو یہ کرسکتے ہیں کہ قرآن کے اوراق کو ہاتھ سے پلٹنے کے بجائے کسی قلم یا لکڑی وغیرہ سے ق پلٹ لیا کریں ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند