• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 165656

    عنوان: خون نكلنے كی كم سے كم مقدار كتنی ہے جس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

    سوال: خون نکلنے کی وہ کیا کم سے کم مقدار ہے جس کی وجہ سے وضو ٹوٹ جاتا ہے ؟ مثلاً اگر جسم کے بال صاف کرتے ہوئے بلیڈ سے کَٹ لگ جائے تو کیا وضو ٹوٹ جائے گا؟

    جواب نمبر: 165656

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 130-132/H=2/1440

    بلیڈ سے کٹ لگ کر جو زخم ہوا اگر وہ زخم اس درجہ میں تھا کہ جس سے خون بالکل نہ نکلا یا نکلا مگر وہ کٹ (زخم کے اوپر والے حصہ) کے اندر ہی اندر رہا یا نکلا مگر بہت معمولی مقدار میں تھا کہ زخم کے اوپر والے حصہ سے بہہ نہ سکتا تھا تو وضوء نہیں ٹوٹا؛ البتہ اگر کٹ لگنے پر اتنا خون نکلا کہ جو بہہ سکے خواہ کسی عارض سے نہ بہا ہو مثلاً کٹ لگنے پر کسی نے زخم کے اوپر والے حصہ پر روئی رکھ لی اور خون کو روئی نے جذب کرلیا تو اگرچہ خون بہا تو نہیں مگر مقدار میں اتنا نکل گیا کہ اگر روئی نہ ہوتی تو بہہ جاتا تو ایسی صورت میں وضوء ٹوٹ جائے گا ۔ ہٰکذا فی الفتاویٰ ردالختار وغیرہا ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند