• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 155971

    عنوان: پیشاب کرنے کے بعد ٹیشو پیپر رکھ لیتا ہوں کہ سب پیشاب کے قطرے اسی میں رہیں‏، نماز كے وقت نكال لیتا ہوں‏، كیا یہ صحیح ہے؟

    سوال: حضرت، مجھے پیشاب ٹپکنے کی بیماری ہے، قریب ۱۰/ سال سے کافی علاج کرایا لیکن کچھ کام نہ آیا، ہر بار پیشاب کرنے کے بعد مسلسل قطرے ٹپکتے ہیں، کیا کروں اس کے لئے؟ ابھی کے لیے میں کیا کرتا ہوں، ہر مرتبہ پیشاب کرنے کے بعد ٹیشو پیپر رکھ لیتا ہوں کہ سب پیشاب کے قطرے اسی میں رہیں، اور جب نماز کا وقت آتا ہے تب وہ ٹیشو پیپر نکال کے وضو کرکے پڑھ لیتا ہوں، کیا یہ صحیح ہے؟ اگر صحیح نہیں! تو صحیح طریقہ کیا ہے؟ براہ کرم بتائیں۔

    جواب نمبر: 155971

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:130-87/sd=2/1439

    صورت مسئولہ میں آپ پیشاب کے بعد استبراء کیا کریں ،یعنی اس بات سے اطمینان کر لیا کریں کہ پیشاب کے قطرے آنا بند ہوگئے ہیں۔علماء نے استبراء کے مختلف طریقے لکھے ہیں۔ یا تو آدمی چلے یا کھنکار ے یادائیں پیر کو بائیں پر لپیٹے یاعضو کو نیچے کی جانب سے سپاری تک ہلکا سا نچوڑے ۔غرض یہ کہ جس طرح بھی طبیعت مطمئن ہوجائے ؛ کیونکہ لوگوں کی عادت مختلف ہوتی ہیں، اس لئے کسی کیفیت کی قید نہیں ہے ؛ بلکہ طبیعت کا مطمئن ہوجانا اصل ہے اور اس کے لیے ٹشو پیپر کا استعمال بھی بہتر ہے ؛ لیکن ٹشو پیپر نکالنے کے بعد دوبارہ استنجاء کرلینا چاہیے ، تاکہ ہر طرح سے اطمینان ہوجائے ۔

    یلزم الرجل الاستبراء حتیٰ یزول أثر البول ویطمئنَّ قلبہ علیٰ حسبِ عادتہ،إما بالمشی أو التنحنح أو الاضطجاع أو غیرہ۔ (نورالإیضاح:۲۹، فصل فی الاستنجاء، ط:مکتبہ بلال، دیوبند) والاستبراء واجب حتی یستقرّ قلبہ علی انقطاع العود، کذا فی “الظہیریة” قال بعضہم: یستنجی بعد مایخطو خطوات، وقال بعضہم:یرکض برجلہ علی الأرض، ویتنحنح ویلفّ رجلہ الیمنیٰ علی الیسریٰ وینزل من الصعود إلی الہبوط، والصّحیح أن طباع النَّاس مختلفة، فمتیٰ وقع فی قلبہ أنّہ تمَّ استفراغ مافی السَّبیل یستنجی، ہکذا فی “شرح منیة المصلّی”لابن أمیر الحاجّ و“المضمرات” (ہندیہ:۱/۱۰۴، فصل فی الاستنجاء، ط:اتحاد، دیوبند/وکذا فی البحر الرائق:۱/۴۱۷،باب الانجاس، ط:المکتبة التھانویة، دیوبند) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند