• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 155639

    عنوان: پیبشا كرنے كے کچھ دیر بعد تک پیشاب کا قطرہ نکلتا رہتاہے؟

    سوال: مجھے پیشاب کی تکلیف ہے، میں جب بھی پیشاب کرتاہوں ، اس کے بعد کچھ دیر تک پیشاب کا قطرہ نکلتا رہتاہے، کچھ دس پندرہ منٹ تک ، اس کا کیا علاج ہے ؟ یا پھر اس تکلیف کی وجہ سے اپنے آپ کو کیسے پاک کرنا ہے؟ (۲) دوسری بات میں جب نہانے کو جاتاہوں تو مجھے نہانے کے لیے لگ بھگ 45منٹ یا ایک گھنٹہ لگتا ہے ، اس کا کیا علاج ہے؟ (۳) تیسری بات یہ ہے کہ ناپاک کپڑے کو کیسے پاک کرناچاہئے ؟

    جواب نمبر: 155639

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:160-89/L=2/1439

    (۱)علاج کے لیے تو آپ کسی ماہر حکیم سے رابطہ کریں ؛البتہ جب تک پیشاب کے قطرات نکلتے رہتے ہیں اس وقت آپ عضو پر ٹیشو پیپر یا کوئی کپڑا لگالیں اور جب یقین ہوجائے کہ قطرات کا آنا بند ہوگیا ہے تو اس کو ہٹا کر دھو لیا کریں اور نماز کے وقت اس کا خیال رکھا کریں کہ نماز شروع ہونے سے اتنی دیر پہلے فارغ ہوجائیں تاکہ طہارت کے ساتھ نماز ادا کرسکیں۔

    (۲) اس کا علاج بس یہی ہے کہ آپ کو جب یقین ہوجائے کہ میں نے غسل اچھی طرح کرلیا ہے توغسل کرنا بند کردیں زیادہ سے زیادہ دس پندرہ منٹ میں آدمی اس طرح غسل کرلیتا ہے کہ طہارت حاصل ہوجاتی ہے ؛اس لیے اس کے بعد غسل کرنا بند کردیں کچھ دن اس طرح کرلیں گے تو ان شاء اللہ حالت کی اصلاح ہو جائے گی۔

    (۳)ناپاک کپڑے کو پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ تین مرتبہ کپڑے کو پاک پانی سے دھوکر اس طرح نچوڑ دیا جائے کہ قطرہ کا ٹپکنا بند ہوجائے ،اور تیسری مرتبہ خوب طاقت سے نچوڑا جائے اس طرح کرلینے سے کپڑا پاک ہو جائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند