• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 2780

    عنوان: رمضان میں شبینہ کرنا کیسا ہے؟

    سوال:

    ہمارے یہاں کچھ لوگ ہر سال رمضان میں ایک شب شبینہ کرتے ہیں، اس کا طریقہ یہ ہوتاہے کہ کچھ حفاظ جمع ہوتے ہیں اور لمبی لمبی تلاوت کرتے ہیں، باقی سارے لوگ بیٹھ کر سنتے ہیں۔یاد رہے کہ یہ تلاوت نفل یا کسی نماز میں نہیں ہوتی ہے اور نہ ہی اس کو دین کا کوئی حصہ سمجھتے ہیں اور نہ سکسی پر شامل ہونے کا جبر ہوتاہے۔ کیا عمل درست ہے؟

    جواب نمبر: 2780

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 46/ ج= 46/ ج

     

    کسی یوم یاتاریخ کی تعیین کے بغیر اگر چند حفاظ یک جا ہوکر تلاوت کے آداب و حروف کی رعایت کے ساتھ تلاوت کریں اور اس مجلس میں شرکت کے لیے لوگوں پر جبر نہ کیا جائے اور نہ ہی ان کو برا سمجھا جائے جو اس مجلس میں شریک نہیں ہوتے۔ نیز اس موقع پر جشن یا تقریب کی صورت نہ بنتی ہو کہ جس سے عبادت کی روح ہی ختم ہوجائے اور نہ ہی یہ مجلس نماز فجر یا دیگر اہم عبادت میں سستی اور غفلت کا سبب بنتی ہو، نہ مقامی علمائے کرام کچھ اور مفاسد بتلاتے ہوں۔ تو پھر اس طرح کی مجلس تلاوت کے منعقد کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند