• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 152836

    عنوان: اگر سورج کافی دیر تک بلندی پر نظر آتا رہے ، جیسے کہ کوئی جہاز مشرق سے مغرب کی سمت گذر رہا ہو، تو افطار کس طرح کریں؟

    سوال: محترم مفتیان کرام، آپ کی خدمت میں ایک مسئلہ پیش عرض ہے ، غروب آفتاب کے وقت زید زمین سے بلندی کی طرف جارہا ہے مثلا ،کسی پہاڑ ، ٹیلے ، کثیر منزلہ اونچی عمارت یا پھر ہوائی جہاز سے سفر کر رہا ہو، اب زمین کی سطح پر تو سورج نطروں سے اوجھل ہو چکا لیکن اسی وقت بلندی پر جہاں زید پہونچا ہے سورج نظر آرہا ہے ، ایسی صورت میں غروب کا اعتبار کب کریں گے زمینی سطح کے وقت پر یا پھر اس بلندی پر سورج بالکل غائب ہو جائے تب؟ 2) اور اگر سورج کافی دیر تک بلندی پر نظر آتا رہے ، جیسے کہ کوئی جہاز مشرق سے مغرب کی سمت گذر رہا ہو، تو افطار کس طرح کریں؟ سطح زمین پر جو غروب کا وقت ہوتا ہے اس اعتبار سے ؟ ہوائی جہاز میں سوار ہو اس وقت زمین کی سطح پر سورج غروب ہو چکاافطار کرلیں یا پھر اس بلندی پر سورج کے نظروں سے اوجھل ہوجانے کے بعد ؟

    جواب نمبر: 152836

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1114-1108/N=11/1438

     (۱، ۲): ہوائی جہاز یا کسی بلند پہاڑ، ٹیلہ یا عمارت وغیرہ پر غروب آفتاب اس وقت ہوگا جب ہوائی جہاز وغیرہ میں سطح سمندر کی بلندی کے حساب سے بھی سورج غروب ہوجائے؛ اسی لیے بلند مقامات پر واقع شہروں اور آبادیوں کے اوقات صبح صادق اور طلوع وغروب وغیرہ اُن قریبی مقامات سے مختلف ہوتے ہیں جو بلندی پر نہیں ہوتے ، پس اگر زمین پر سورج غروب ہوگیا اور ابھی اوپر ہوائی جہاز میں سورج غروب نہیں ہوا تو افطار جائز نہ ہوگا، وہاں افطار اسی وقت جائز ہوگا جب سورج ہوائی جہاز کی بلندی کے حساب سے بھی نظروں سے اوجھل ہوجائے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند