• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 149261

    عنوان: کیا سحری اور افطار میں دو الگ ملکوں کے اوقات کا لحاظ کیا جاسکتا ہے؟

    سوال: میں پچھلے ایک سال سے فن لینڈ میں تعلیم کے سلسلے میں مع فیملی کے قیام پذیر ہوں اور آئندہ چار سال تک قیام کا ارادہ ہے، فن لینڈمیں گرمیوں میں دن کا وقت کافی بڑھ جاتا ہے اور روزے کے دوران تقریباً ۲۱/ گھنٹے اور ۲۵/ منٹ کا ہوتا ہے۔ پچھلے سال علمائے کرام کی مختلف آراء کی بدولت ہم نے پورے روزے رکھے جو کہ انتہائی تکلیف دہ تھے جب کہ ۱۵/ روزے کے بعد بالکل ناممکن تھے۔ میرا سوال یہ ہے کہ :۔ (۱) کیا ہم یہاں کے وقت کے ساتھ سحری کر کے پاکستان یا سعودی عرب کے وقت کے ساتھ افطار کرسکتے ہیں؟ (۲) کیا ہم یہاں کے مقامی وقت کے ساتھ سحری کرکے ۱۶/ گھنٹے کے بعد افطار کرسکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 149261

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 785-707/H=7/1438

    پاکستان یا سعودی عرب کے اوقاتِ سحر وافطار کو ملحوظ رکھ کر فن لینڈ میں سحری وافطار کرنا جائز نہیں بلکہ فن لینڈ کے سحر وافطار کو ملحوظ رکھ کر ہی روزہ رکھنا واجب ہے، البتہ دن بہت بڑا ہونے کی وجہ سے اگر کچھ لوگوں کو بوجہ مرض وضعف وغیرہ ناقابل تحمل ہو تو ایسے لوگ بڑے دنوں میں رمضان المبارک کے روزے نہ رکھ کر بعد میں چھوٹے دنوں میں قضاء کرلیا کریں تو ان کے حق میں گنجائش ہے اور جو لوگ رکھ سکتے ہیں ان پر رمضان المبارک ہی میں فرض ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند