• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 69925

    عنوان: ایسے شخص کے پیچھے ظہر کی نماز پڑھنا جو عصر کی نماز پڑھ رہاہو،کیا حکم ہے؟

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ ایسے شخص کے پیچھے نماز پڑھنا جو عصر کی نماز پڑھ رہاہو،کیا حکم ہے؟ ہم ظہر کی نماز جماعت سے پڑھ رہے تھے اورظہر کی نماز پوری کرنے کے فوراً بعد میرے ساتھی عصر کی نماز پڑھنے لگے، کیوں کہ وہ سفر میں تھے، میرا ایک دوست آیا اور ان کے ساتھ جماعت میں شریک ہوگیا ظہر کی نیت کرکے ، عصر کی دو رکعت نماز قصر پوری ہونے کے بعد سلام کے لیے چہرہ گھومائے بغیر وہ کھڑا ہوگیا اور بقیہ دو رکعت پوری کی ، اس کی نماز پوری ہونے کے بعد میں نے اس سے کہا کہ تم کو ظہر کی نماز دہرانی ہوگی کیوں کہ امام صاحب عصر کی قصر پڑھ رہے تھے ، لیکن اس نے میری بات نہیں مانی ۔ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ اس معاملے میں صحیح بات کیا ہے۔ میری جانکاری کے مطابق اسے نماز دہرانی چاہئے؟براہ کرم، حنفی فقہ کے مطابق جواب دیں۔ جزاک اللہ خیرا

    جواب نمبر: 69925

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 979-959/B=12/1437

    آپ نے جو کچھ فرمایا صحیح فرمایا اسے ظہر کی نماز دہرانی ہوگی ظہر پڑھنے والا عصر پڑھنے والے کے پیچھے اقتدا نہیں کرسکتا، اگر اقتدا کرلی تو نماز صحیح نہ ہوگی اس کو ظہر کی اپنی نماز دوبارہ پڑھنی ہوگی۔ اور سفر میں ظہر کے وقت میں عصر کی نماز پڑھنا احناف کے یہاں جائز نہ ہوگا۔ آپ کے جن ساتھیوں نے ظہر باجماعت پڑھ کر فوراً ظہر کے وقت میں عصر پڑھ لی اگر وہ حنفی ہیں تو عصر کی نماز اپنے وقت میں دوبارہ پڑھنی ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند