• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 24528

    عنوان: میں پانچوں نماز کے وقت ختم ہونے کے بارے میں پوچھنا چاہتاہوں، فجر کا وقت تو معلوم ہے، سورج نکلنے سے پہلے، ظہر کا وقت کب تک رہتاہے؟ یعنی عصر کی اذان سے کتنے پہلے تک؟ اور عصر کا وقت مغرب سے کتنے پہلے ختم ہوجاتاہے؟ مغرب کا عشاء سے کتنے پہلے؟ اور عشاء کا وقت کب تک رہتا ہے؟

    سوال: میں پانچوں نماز کے وقت ختم ہونے کے بارے میں پوچھنا چاہتاہوں، فجر کا وقت تو معلوم ہے، سورج نکلنے سے پہلے، ظہر کا وقت کب تک رہتاہے؟ یعنی عصر کی اذان سے کتنے پہلے تک؟ اور عصر کا وقت مغرب سے کتنے پہلے ختم ہوجاتاہے؟ مغرب کا عشاء سے کتنے پہلے؟ اور عشاء کا وقت کب تک رہتا ہے؟

    جواب نمبر: 24528

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 1659=1217-8/1431

    سایہٴ اصلی کے علاوہ ہرشے کا سایہ دو مثل ہوجانے پر ظہر کا وقت ختم ہوجاتا ہے اور اس کے بعد عصر کا وقت شروع ہوجاتا ہے البتہ جب آفتاب بہت نیچا ہوجائے اور دھوپ کمزور اور پیلی پڑجائے تو وقتِ مکروہ داخل ہوجاتا ہے باقی غروب تک وقت اداء ہی ہوتا ہے اور غروبِ آفتاب ہوتے ہی وقتِ مغرب شروع ہوجاتا ہے اور سمتِ پچھم میں شفق احمر (سرخی) رہتی ہے، پھر وہ غائب ہوکر شفق ابیض (سفیدی) آجاتی ہے اس کے غائب ہوجانے پر مغرب کا وقت ختم ہوجاتا ہے،اوراس کے بعد عشاء کا وقت شروع ہوجاتا ہے اور ایک تہائی رات تک وقت عشاء مستحب رہتا ہے اور اس کے بعد مباح اور آدھی رات کے بعد مکروہ وقت ہوتا ہے، یہ تفصیل بحساب گردش لیل ونہار اور رفتارِ سورج کو ملحوظ رکھ کر ہے، کتب فقہ وفتاوی میں جو کچھ لکھا ہے اس کا خلاصہ لکھ دیا گیا۔ البتہ گھڑی گھنٹوں کے اعتبار سے معتبر نقشوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند