• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 169360

    عنوان: سجدے کتنے طرح کے ہوتے

    سوال: سجدے کتنے طرح کے ہوتے ہیں نماز کے علاوہ اور کس کس جگہ اللہ نے سجدے کے حکم دیئے ہیں اور اللہ نے نماز میں دو سجدوں کا حکم کیوں دیا ہے؟

    جواب نمبر: 169360

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 642-534/D=07/1440

    نمازوں کے علاوہ جو سجدہ واجب ہے وہ سجدہ تلاوت ہے ، قرآن شریف میں چودہ (۱۴) جگہ ایسی آیتیں ہیں جن میں سجدے کا ذکر ہے تو ان میں سے کسی آیت کے پڑھنے سے، پڑھنے اور سننے والوں پر ایک سجدہ ادا کرنا واجب ہوتا ہے۔

    بندے پر حکم خداوندی بجا لانا فرض ہے کیوں کا سوال مقام عبدیت کے خلاف ہے فجر دو رکعت، ظہر چار رکعت، مغرب تین رکعت، عصر اور عشاء چار چار رکعت کا حکم کیوں دیا پھر ہر رکعت میں رکوع ایک کیوں رکھا روزہ صبح صادق سے غروب آفتاب تک کیوں رکھا گیا؟ ان کے علاوہ جملہ احکام خداوندی میں کیوں کا سوال کرنا مقام عبدیت کے خلاف ہے بس اتنا کافی ہے کہ یہ سب چیزیں اللہ تعالی کا حکم ہیں اس لئے ہم بجالاتے ہیں ہم کو جو فکر رکھنی ہے وہ یہ کہ ہماری نمازیں اور ان میں رکوع سجدے حکم خداوندی کے مطابق ادا ہو رہے ہیں یا نہیں۔

    آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: صلو کما رایتمونی اصلی یعنی جیسی مجھے نماز پڑھتے تم نے دیکھا ویسی نماز تم بھی ادا کرو بس اس کی کوشش کی جائے کہ ہمارے رکوع سجدے اور پوری نمازیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کی طرح ادا ہو ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند