• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 169302

    عنوان: چھوٹی ہوئی ركعتوں میں سورت ملانے اور قعدہ كرنے كا طریقہ كیا ہے؟

    سوال: امام کے پیچھے صرف ایک رکعت میں شامل ہوا باقی تین رکعتوں کو کس طرح ادا کیا جائے گا اور سورت کس رکعت میں ملائی جائے گی ؟ تفصیلًا ترتیب بتائیں ۔

    جواب نمبر: 169302

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:588-509/sd=7/1440

    چھوٹی ہوئی رکعتیں ”قرأت کے حق میں اول مانی جائیں گی“ اور ”قعدہ کے حق میں آخر نماز“ لہٰذا جس شخص کی عصر یا ظہر یا عشاء کی تین رکعتیں چھوٹی ہوں، وہ پہلی رکعت میں سورہٴ فاتحہ اور کوئی سورہ پڑھ کے رکوع سجدہ کے بعد قعدہ کرے گا پھر دوسری رکعت کے لیے اٹھے گا (جو واقع میں اس کی تیسری رکعت ہے) اور اس میں بھی سورہٴ فاتحہ کے ساتھ کوئی سورت پڑھے گا، مگر رکوع سجدہ کے بعد قعدہ نہیں کرے گا؛ بلکہ تیسری رکعت (جو واقع میں اس کی چوتھی رکعت ہے) کے لیے کھڑا ہوجائے گا اور صرف سورہٴ فاتحہ پڑھے گا، دوسری سورہ نہیں ملائے گا، پھر رکوع سجدہ کے بعد قعدہ کرکے سلام پھیردے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند