• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 162350

    عنوان: غلط تلفظ کرنے والا موٴذن برقرار رکھا جائے یا بدل دیا جائے

    سوال: کسی شخص کو مسجد میں اذان دینے کے لئے لگایا گیا اور وہ اذان دیتا ہے پر اس کے الفاظ صحیح نہیں ہیں، کیا اس کا اذان دینا جائز ہے؟ اور جان کر بھی لوگ اس کو نہیں ہٹائے، اس گنا ہ کا ذمہ دار کون ہوگا؟

    جواب نمبر: 162350

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1070-913/D=9/1439

    موٴذن ایسے شخص کو مقرر کرنا چاہئے جو کلمات اذان کا صحیح تلفظ کرسکے دیندار اور اوقات نماز سے واقف ہو۔ صورت مسئولہ میں جسے اذان دینے کے لئے مقرر کیا گیا ہے اسے پابند کریں کہ کسی واقف کار (قاری ، حافظ، عالم) سے کلمات اذان کی مشق کرلے۔ اگر تصحیح کرلیتا ہے تو ٹھیک ہے اسے اس خدمت پر برقرار کررکھیں اور اگر تصحیح نہیں کرتا اور غلطی واضح ہے تو پھر دوسرے موٴذن کا انتظام کرلیں ۔ یہ سب ذمہ داری انتظامی کمیٹی یا اہل محلہ کی ہے۔ کوتاہی پر وہی گنہگار ہوں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند