• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 160421

    عنوان: لكڑی كے تخت پر سجدہ كرنا؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ: (۱) زید زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھتا ہے اور رکوع ، سجدہ اشارے سے کرتا ہے، اس کا کیا حکم ہے؟ (۲) اگر کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھتا ہے اور رکوع، سجدہ اشارے سے کرتا ہے، ا س کا کیا حکم ہے؟ (۳) کچھ لوگ لکڑی کے تخت پر سجدہ کرتے ہیں جس کی اونچائی 7-8/ انچ ہوتی ہے، کیا ایسا کرنا درست ہے؟ اور یہ معذور شخص قیام کی قدرت رکھنے کے باوجود کرسی پر بیٹھ کر یا زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھتا ہے، اس کا کیا حکم ہے؟ براہ کرم، قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 160421

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:803-729/M=7/1439

    (۱) اگر زید قیام پر قادر ہے اور رکوع، سجدے کے ساتھ نماز پڑھ سکتا ہے تو اس کے لیے زمین پر بیٹھ کر رکوع سجدے کے اشارے سے نماز پڑھنا جائز نہیں۔

    (۲) غیر معذور کے لیے یہ بھی جائز نہیں ہے۔

    (۳) سجدہ کے لیے کوئی اونچی چیز مثلا تخت وغیرہ رکھنا بہتر نہیں، بہشتی زیور میں ہے: سجدہ کرنے کے لیے تکیہ وغیرہ کو کوئی اونچی چیز رکھتا اور اس پر سجدہ کرنا بہتر نہیں، جب سجدہ کی قدرت نہ ہو تو بس اشارہ کرلیا جائے، تکیہ کے اوپر سجدہ کرنے کی ضرورت نہیں (حصہ دوم) جو شخص معذور نہیں ہے یعنی قیام، رکوع، سجود پر قادر ہے اس کے لیے کرسی پر یا زمین پر بیٹھ کر اشارے سے نماز پڑھنا جائز نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند