• معاشرت >> اخلاق و آداب

    سوال نمبر: 5611

    عنوان:

    اپنے بارے میں کچھ بتاتا چلوں کہ میری عمر ۱۸/سال ہے اور میں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی بھی اپنی ماں کے منھ سے دعا نہیں سنی ، جب بھی سنی ہے بد دعا ہی سنی ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے کا تازہ واقعہ بیان کرتاہوں آپ مجھے بتائیے میں کیا کروں۔ مجھے چار مہینہ ہوگیا ہے، میں پانچ وقت کی نماز پڑھ رہا ہوں اور اس سے میرے گھر والے بھی خوش ہیں لیکن ابھی کچھ دنوں پہلے مجھے اپنی ماں سے ایک نئی بددعا ملی۔ ۔۔۔۔؟؟

    سوال:

    اپنے بارے میں کچھ بتاتا چلوں کہ میری عمر ۱۸/سال ہے اور میں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی بھی اپنی ماں کے منھ سے دعا نہیں سنی ، جب بھی سنی ہے بد دعا ہی سنی ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے کا تازہ واقعہ بیان کرتاہوں آپ مجھے بتائیے میں کیا کروں۔ مجھے چار مہینہ ہوگیا ہے، میں پانچ وقت کی نماز پڑھ رہا ہوں اور اس سے میرے گھر والے بھی خوش ہیں لیکن ابھی کچھ دنوں پہلے مجھے اپنی ماں سے ایک نئی بددعا ملی۔ ویسے تو ہماری فیملی بہت اچھی ہے اور امی مجھ سے بہت پیار بھی کرتی ہیں لیکن وہ دوسروں کی ماں سے بالکل الگ ہیں۔ ہماری کبھی نہیں بنتی۔ میری امی نے نیا فریج لیا تھا جو ۲۶۰۰۰/ہزارکا تھا۔ ایک دن امی نے مجھ سے کہا کہ اپنے دوستوں کو بلوا کر اس کو چوکی پر رکھوا دو۔ میں نے کہا رکھوا دوں گا۔ ایسے ہی پانچ دن گزر گئے، لیکن میں نہ رکھوا سکا۔پھر ایک دن میرے کچھ دوست اپنے موبائل میں کچھ تصویر ڈلوانے آئے میرے پاس یو ایس بی سے۔جب ہم تصویر ڈال رہے تھے تو اچانک ہی میرے ذہن میں خیال آیا کہ کیوں نہ فریج بھی رکھوا لیا جائے جس سے امی بھی خوش ہوجائیں گی۔ جب سارے دوست گئے تو میں نے امی سے کہا کہ دیکھ لے فریج رکھوا دیا ہے تو وہ بہت خوش ہوئی، لیکن انھوں پہیا دیکھا تو تھوڑا غصہ ہوئی، پھر اور، اور پھر اور یہاں تک کہ اتنا غصہ ہو گئی کہ رونے لگی اور مجھے دل سے بددعا دینے لگی۔پہلے بددعا یہ تھی کہ ?خدا کرے تیری کوئی عبادت قبول نہ ہو اور دوسری یہ کہ خدا کرے تیری شکل پر پھٹکار ہو جب تو مرے?۔ اس دن کے بعد سے میں بہت ٹینشن میں ہوں۔ وہ شاید ۹/رمضان تھا ویسے تو کافی اور بددعا ئیں لے چکا ہوں کہ ?خدا کرے تجھے کبھی کامیابی نصیب نہ ہو اور خدا کرے کہ تو ساری عمر بیکار ہی رہے اور خدا کرے تو کسی ٹرک کے نیچے آ جائے، تجھے موت آجائے اور فلانہ فلانہ?۔ میں کیا کروں جب سے اب تک مجھے عبادت میں مزہ نہیں آتا ، نماز سے مزہ اٹھ سا گیا ہے اور ایک بات یہ کہ جب میں اپنے ابو کو کہتا ہوں کہ پاپا نماز کا وقت ہوگیا ہے چلو نماز پڑھ لیں تو وہ بھی برا بھلا کہتے ہیں مجھے۔ لیکن کبھی بھی انھوں نے بددعا نہیں دی۔ آج تک مجھ بد نصیب اولاد نے پورے رمضان اپنے باپ کو نماز پڑھتے نہیں دیکھا۔ وہ سحری کرتے ہیں پھر سو جاتے ہیں، پھر افطار کرتے ہیں پھر ٹی وی دیکھتے ہیں، پھر سو جاتے ہیں،پھر سحری میں اٹھتے ہیں پھر کام پر جاتے ہیں، پھر آتے ہیں افطاری کرتے ہیں پھر ٹی وی پھر سونا ۔ جب میری امی نے مجھے یہ بددعا دی تھی کہ ?خدا کرے تو کبھی کامیاب نہ ہو? جب سے اب تک مجھے نوکری نہیں مل رہی ہے۔ ۸/مہینہ ہوگیا ہے نوکری ڈھونڈتے ہوئے، پڑھائی بھی رکی ہوئی ہے میٹرک کے بعد سے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا میں کیا کروں ۔ اگر خود کشی کرنا حرام اور گناہ نہ ہوتا تو خدا کی قسم میں ضرور کرتا، تاکہ اور بددعائیں لینے سے بچ سکوں۔ میں کیا کروں بھائیو۔ میں اپنی ماں کو گانا سننے سے منع کرتاہوں تو بددعا ملتی ہے۔ کسی بات پر بحث کرتاہوں تو بددعا ملتی ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا میں کروں تو کیا کروں۔ ابھی آج دوبارہ امی سے میری بحث ہوئی۔تقریباً ایک ہفتہ کے بعد وہ پھر ٹھیک ہوجائیں گیں یعنی کی بات کرنے لگیں گی اور ہنسی مذاق کرنے لگیں گی۔ آپ لوگ بتائیں میں کیا کروں۔ اورٹائپ نہیں ہوتا ورنہ بہت سی ایسی باتیں ہیں جو آپ لوگوں سے پوچھنی ہیں قرآن اور حدیث کی روشنی میں ۔میرا ایک بڑا بھائی بھی ہے اس نے کبھی امی کی بددعا نہیں لی اور آج وہ ایک بہت اچھی فیکٹری میں بہت اچھی نوکری کررہا ہے، سمجھ لیجئے کہ ہمارا گھر وہ چلا رہا ہے۔ علاج وغیرہ سب اسی کے پیسوں سے ہوتا ہے میرا کیا حال ہوگا میں نہیں جانتا۔ میں اپنا بہت اچھا مستقبل چاہتا ہوں مگر لگتا ہے کہ نصیب میں نہیں ہے۔

    جواب نمبر: 5611

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 2032=768/ ھ

     

    آپ ایسی حالت میں بھی والدین سے ترک سلام، ترک معاملات نہ کریں بلکہ ان کے ساتھ نرمی کا برتاوٴ کرتے رہیں اور ہمیشہ ان کے حق میں دعائے خیر ہی کرتے رہیں، کبھی کبھی حسب موقعہ جانی خدمت بھی کرتے رہا کریں کسی معاملہ میں ان سے بحث و مجادلہ نہ کیا کریں، اگر کوئی نصیحت کی بات مان لیں تو فبہا اور جب دیکھیں کہ بحث یا گرما گرمی شروع ہونے لگی، بس بات کو اپنی طرف سے ختم کرکے وہاں سے ہٹ جایا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند