• معاشرت >> اخلاق و آداب

    سوال نمبر: 162145

    عنوان: اگر بیٹا اور اس کی بیوی والدین کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آئے تو والدین كیا كرسكتے ہیں؟

    سوال: اگر بیٹا اور اس کی بیوی والدین کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آئے ، والدین کی نافرمانی کرے اور ان سے پیسہ اور پروپرٹی کا مطالبہ کرے تو والدین کیا کرسکتے ہیں؟ کیا والدین ان کو اپنی جائیداد سے بے دخل کرسکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 162145

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1209-1040/SD=10/1439

    صورت مسئولہ میں اگر والدین اپنے لڑکے کو نافرمانی کی بناء پر زمین و جائداد سے محروم کرنے کا فیصلہ کرلیں، اس کے باوجود والدین کی وفات کی بعد لڑکا اپنے شرعی حصے کا حقدار ہوگا ، عاق کرنا لغو عمل ہے ،ہاں اگر لڑکے کی نافرمانی اور فسق کی بناء پر والدین اپنا مملوکہ مال زندگی ہی میں دوسری اولاد کو ہبہ کر کے مالک و قابض بنادیں ، یا خیر کے کاموں میں وقف کردیں تو ظاہر ہے کہ اس طرح نافرمان لڑکا محروم ہوجائے گا ؛ لیکن آج بیٹا نافرمان ہے ، کل وہ سدھر بھی سکتا ہے ،نیک بھی بن سکتا ہے ، اس لیے دعا اور حسن تدبیر سے اصلاح کی کوشش جاری رکھنی چاہیے ، جائداد و غیرہ سے محروم کرنے میں اور دوریاں پیدا ہوجاتی ہیں اور اس میں لڑکے کی نافرمانی کے مزید بڑھ جانے کا بھی اندیشہ ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند