• عبادات >> ذبیحہ وقربانی

    سوال نمبر: 6150

    عنوان:

    اسلامی ذبیحہ سے متعلق سوالات

    سوال:

    ہم چین میں رہتے ہیں اور جانوروں کو ذبح کرنے کی شرطوں کے بارے میں الجھن میں ہیں۔ مفتی تقی صاحب عثمانی صاحب نے ذبح کرنے کا درج ذیل طریقہ لکھا ہے۔ اسلامی ذابح کی شرائط درج ذیل ہیں: (۱) ذابح کا مسلمان ہونا۔ (۲) ذبح کرتے وقت اللہ کا نام لینا۔ (۳) گلا، نرخرا اور گردن کی رگ کا کٹ جانا۔ اگر کوئی ایک بھی ان شرطوں میں سے نہیں پایا جائے گا تو ذبیحہ اسلامی نہیں مانا جائے گا۔ ٹھیک یہی شرطیں مولانا یوسف لدھیانوی صاحب نے (آپ کے مسائل اوران کا حل) میں بیان کی ہیں۔ لیکن درج ذیل فتوی میں (دارالعلوم دیوبند) اس طرح کی کوئی شرط مذکور نہیں ہے:

     

    ?اللہ کا نام لے کر (بسم اللہ اللہ اکبر) کہہ کرزندگی میں پہلی بار میں نے دومرغیاں ذبح کیں۔لیکن مجھے مرغی ذبح کرنے کا اسلامی طریقہ نہیں معلوم ہے۔ مرغی کی گردن کٹ گئی تھی اور خون کی رگ بھی۔ مرغی ذبح کرتے وقت میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ مجھے اس کا طریقہ نہیں معلوم ہے۔ میں یہ معلوم کرنا چاہتاہوں کہ دونوں مرغیاں جو میں نے ذبح کیں حلال ہیں یا حرام؟

     

    بسم اللہ اللہ اکبر کہہ کر مرغی کی گردن کاٹ دی گئی سارا خون بہہ گیا تو ذبح شرعاً درست ہوگیا، اس مرغی کا کھانا حلال ہے، شبہ نہ کریں۔ البتہ ذبح کرنے میں آئندہ اس کا خیال رکھیں کہ پوری گردن الگ نہ ہو بلکہ تھوڑا حصہ لگارہنا چاہیے، پوری گردن الگ کردینا مکروہ ہے?۔ فتوی: 737=690/ د

     

    برائے کرم درج ذیل سوالات میں ہماری رہنمائی کریں۔ (۱) ذبح کرنے کے لیے گلا، نرخرا اور رگردن کی رگ کا کٹ جانا ضروری ہے یا نہیں؟ (۲) کون سی رگ کٹنی چاہیے (گردن کی دو رگیں یا ایک گردن کی رگ اور ایک بڑی رگ )؟ (۳)سانس کی نالی اور نرخرا حلق میں ایک جگہ ایک رگ کے ذریعہ سے ملتے ہیں۔ تو کیا ان کو اس پوائنٹ سے پہلے کاٹنا (سانس کی نالی اور نرخرا الگ الگ) ضروری ہے یا ہم اس پوائنٹ کے بعد کاٹ سکتے ہیں جہاں یہ دونوں ایکہوتے ہیں؟ (۴) کون سی صورت میں حرام یا مکروہ ہوگا؟

    جواب نمبر: 6150

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1137=1078/ د

     

    گلے میں چار رگیں ہوتی ہیں، ایک ?حلقوم? جسے نرخرا کہتے ہیں، اس سے سانس لی جاتی ہے، دوسرے ?مری? جس سے دانہ پانی جاتا ہے، اور دو شہ رگیں جو نرخرے کے دائیں بائیں ہوتی ہیں، ان چاروں رگوں کا کل یا اکثر کٹ جانا ضروری ہے، اور اگر چار میں سے تین ہی رگیں کٹیں تب بھی ذبح درست ہے اس کا کھانا حلال ہے۔ اوراگر دو رگیں کٹیں یا چار رگیں آدھی آدھی یا اس سے کم کٹیں تو وہ جانور مردار ہوگا، اس کا کھانا حرام ہے۔

    (۱) تفصیل مذکور فی الجواب کے مطابق کٹ جانا ضروری ہے۔

    (۲) حلقوم، مری کا اور شہ رگ میں سے کم ازکم ایک کا کٹ جانا ضروری ہے۔

    (۳) بات پورے طور پر واضح نہیں ہے۔ دونوں کا الگ الگ کاٹنا ضروری ہے۔

    (۴) کم ازکم تین رگوں کا کٹ جانا ضروری ہے۔ تین اور چار رگوں کے کٹنے کی صورت میں جانور حلال ہوگا۔ دو رگ کٹنے کی صورت میں حرام ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند