• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 2413

    عنوان:

    خواب دیکھاتھا کہ میرے والد کا انتقال ہوگیا ہے، ہم سب بہت رورہے ہیں، ...

    سوال:

    (۱) میں نے کچھ دن پہلے خواب دیکھاتھا کہ میرے والد کا انتقال ہوگیا ہے، ہم سب بہت رورہے ہیں، افسوس کررہے ہیں، اس کے بعد میں دیکھتی ہوں کہ جن سے میں شادی کرناچاہتی ہوں وہ آجاتے ہیں، میں خوش ہورہی ہوں کہ چلوکم سے کم اب ہم دونوں شادی کرسکتے ہیں، ہماری شاد ی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، پھر اچانک ایک آدمی وہ میرے والد کی شکل کا ہے، آجاتے ہیں، ہم یہی سوچ رہے ہیں کہ یہ ہمارے والد نہیں ہیں۔ یہ خواب میں نے صبح ۶/ بجے دیکھاتھا۔

    (۲) اور اس دن سے ایک دن پہلے میری ماں نے خواب دیکھاہے کہ آمی کی خالہ جن کا انتقال ہوگیا ہے وہ وہاں جارہی ہیں، ان کے گھر انتقال ہوگیا ہے اور جب وہاں پہنچتی ہیں تو یہ بھی معلوم ہوتاہے کہ ان کے ہی کسی کی شادی کی تیار ی ہورہی ہے۔ براہ کرم، ان دونوں خواب کی تعبیر فرمائیں۔ کیا ان خوابوں کا میری شادی سے کوئی تعلق ہے؟ میری شاد ی طے ہوگئی ہے ان سے جن سے میں شاد ی کرناچاہتی ہوں۔ اب جب شادی کے لیے ایک مہینہ ر ہ گیاہے تو میرے والد آنا کانی کررہے ہیں، کیا اس خواب کا اس بات سے کوئی تعلق ہے؟ کیا مجھے کوئی اشارہ دیاجارہے؟

    جواب نمبر: 2413

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 704/ ل= 704/ ل

     

    خواب تین طرح کے ہوتے ہیں: (۱) حدیث نفس: جس میں آدمی کے خیال میں جو بات گھومتی رہتی ہے وہ خواب کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ (۲) تخویف الشیطان: جس میں شیطان ڈراتا ہے۔ (۳) بشریٰ من اللہ: جس میں اللہ کی طرف سے بشارت ہوتی ہے۔

    بظاہر یہ خواب قسم اول سے معلوم ہوتا ہے اس لیے آپ درود شریف کی کثرت کریں اور جس میں خیر ہو اللہ اس کا فیصلہ فرمادے، اس کے لیے دعا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند