• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 2227

    عنوان: خواب دیكھا كہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ مبارکہ کے قریب تھی ...

    سوال: میں نے ایک خواب دیکھا ہے جس کی تعبیر جاننا چاہتی ہوں۔ میری والدہ، بھائی اور میں سب ایک ساتھ حج کو گئے۔ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ مبارکہ کے قریب تھی ، اسی لیے بہت خوفزدہ تھی۔ بہرحال میں کچھ آگے بڑھی اور اپنے بھائی کے ساتھ میں نے ایک چھوٹی سی کھڑکی میں جھانک کردیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک چٹائی پر آرام فرمارہے ہیں اور نہایت صاف ستھرا سفید قمیص او ر شلوار پہنے ہوہئے ہیں۔ آپ کے موئے مبارک بہت کالے ہیں۔ لیکن میں آپ کا چہرہٴ انور نہیں دیکھ سکی۔ آپ کی دائیں آستین مبارک کہنی تک مڑی ہوئی تھی۔ میں نے دیکھا کہ آپ کے دست مبارک میں ایک طلائی گھڑی ہے اور آپ اس میں وقت دیکھ رہے ہیں۔ پھر میں اور میرے بھائی نے آپس میں کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم زندہ ہیں۔ میرا سوال یہ ہے کہ اس خواب کی کیا تعبیر ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک چٹائی پر آرام فرمارہے ہیں اور اپنی گھڑی میں وقت دیکھ رہے ہیں؟

    جواب نمبر: 2227

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1543/ ھ= 1184/ ھ

     

    خواب ماشاء اللہ بہت عمدہ ہے، تعبیر یہ ہے کہ آپ کو اور آپ کے بھائی کو نیک اعمال اور گناہوں سے بچنے کی من جانب اللہ خاص توفیق عنایت ہوگی۔ خواب میں اشارہ یہ بھی ہے کہ امت کے اکثر افراد دنیاوی زیب وزینت میں پھنس کر اپنے اوقات کو ضائع کررہے ہیں، حالاں کہ یہ وقت غفلت کا نہیں بلکہ اپنے وقت کی حفاظت اور آخرت میں طلب و کوشش صرف کرنے کا ہے۔ اللہ پاک آپ کو اور پوری امت کو حسن عمل اور اخلاص کی توفق عطا فرمائے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند