• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 170354

    عنوان: خواب دیکھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا روضہ مبارک پھٹ جاتاہے اور اس میں سے میں باہر نکلتاہوں

    سوال: میں اپنے گھر والوں کی وجہ سے بہت پریشان تھا ،وہ مجھے اس بات سے تنگ کرتے ہیں کہ تمہارا کوئی اچھا روزگار کیوں نہیں ہے؟ میں ہر جگہ کوشش کرہا ہوں مگر کوئی حاصل نہیں اور حد سے زیادہ پریشان تھا ، کیوں کہ گھر والے سب کہتے ہیں کہ ہم آپ کو دیندار سمجھتے تھے اور دیندار تو کبھی لوگوں کو انتا مایوس نہیں کرتاکہ اس کے لیے اللہ راستہ نہ نکالے، آپ تبلیغ میں لوگوں کو یقین کی بات کرتے ہیں اور خود آپ کے یقین کا یہ حال ہے کہ ایم فل ڈگری اور فارمیسی کی ڈگری کے باوجود ایک سال کے بعد بھی کوئی روزگار نہیں ہے آپ کے پاس، مطلب آپ محتاج ہیں ، ہم آپ کو سپورٹ کرتے ہیں تو اس یقین اور دعوت کے کام کا آپ کو کیا فائدہ؟ میں نہیں سمجھا سکا گھر والوں کو اور بہت پریشان تھا اور ابھی بھی ایسی حالت ہے۔ شب جمعہ کو یہ خواب دیکھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا روضہ مبارک پھٹ جاتاہے اور اس میں سے میں باہر نکلتاہوں، میرے کپڑے بھی سفید ہیں اور سر پر ٹوپی کا رنگ بھی سفید تھا۔ کیا ٓپ میری کوئی مدد کرسکتے ہیں کہ مجھے کرنا چاہئے؟ اور خواب میں اشارہ کیا ہے؟ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 170354

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:923-757/SN=9/1440

    خواب ماشاء اللہ مبارک ہے، آپ مایوس نہ ہوں، اللہ تعالی سے دعا کے ساتھ ساتھ روزگار کے حصول میں کوشش کرتے رہیں، اگر کوئی بڑی نوکری بر وقت نہ مل رہی ہو تو چھوٹی موٹی ہی کوئی نوکری (جس سے آپ اپنے اور اہل وعیال کی کچھ نہ کچھ کفالت کرسکیں)اختیار کرلیں، اس سلسلے میں جو تجربہ کار لوگ ہیں ان سے مشورہ بھی کریں،آپ نوکری کے بہ جائے کوئی تجارت بھی کر سکتے ہیں، اسی طرح پرائیویٹ کوچنگ وغیرہ کے ذریعے بھی بہ قدر ضرورت کما سکتے ہیں ، دوڑ دھوپ کریں روز گار کا ان شاء اللہ انتظام ہوجائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند