• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 169132

    عنوان: میں نے دیکھا کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے بیٹھا ہوں...

    سوال: مجھے ایک خواب کی تعبیر پوچھنی ہے جو میں نے چند دن پہلے دیکھا، میں نے دیکھا کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے بیٹھا ہوں، جس طرح والدین اپنی بگڑی ہوئی اولاد کو راہ راست پر لانے کے لئے زارو قطار روتے ہوئے اسے سمجھاتے ہیں میں نے دیکھا کہ بعین اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم زاروقطار روتے ہوئے مجھے کہ رہے ہیں کہ شراب پینا چھوڑ دو، حالانکہ حقیقی زندگی میں میں نے الحمدللہ کبھی شراب کا ایک قطرہ بھی نہیں پیا کبھی اس کے قریب بھی نہیں پھٹکا، جواب میں میں بھی نبی کریم صلی اللی علیہ وسلم کو یہی کہ رہا ہوں کہ میں آئندہ نہیں پیوں گا، اس خواب نے مجھے پریشان کر کے رکھ دیا ہے کہ ایسا خواب مجھے کیوں آیا، مجھے لگتا ہے کہ شاید شراب کی تعبیر مال حرام سے ہو لیکن میرے ساتھ تو ایسا معاملہ بھی نہیں میں تو چند سالوں سے بے روزگار ہوں اور زندگی میں کبھی بھی سیونگ اکاؤنٹ تک نہیں کھلوایا کہ کہیں مال حرام نہ شامل ہو جائے ، اور کوشش یہی کرتا ہوں کہ اپنے سود کھانے والے رشتہ داروں کے گھر بھی نا جاؤں، مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ اس خواب کی کیا تعبیر ہو سکتی ہے ؟

    جواب نمبر: 169132

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 761-715/H=07/1440

    آپ کا خواب ماشاء اللہ عمدہ ہے بعض مرتبہ عام نصیحت کرنے کے لئے استاذ صاحب اپنے خاص شاگرد کو مخاطب بنالیتے ہیں مثلاً خاص شاگرد کو مخاطب کرکے کہتے ہیں کہ دیکھو سبق کا ناغہ نہ کیا کرو حالانکہ وہ خاص شاگرد تو ناغہ نہیں کرتا مگر استاد صاحب کا مقصود دوسرے شاگردوں کو نصیحت کرنا ہوتا ہے۔ پس تعبیر یہ ہے کہ آپ کو مخاطب بناکر دیگر امتیوں کو بلیغ انداز میں حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم شراب چھوڑنے کی نصیحت فرماتے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ سے حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کو خصوصی محبت ہے اللہم زد فزد آپ ہر معاملہ میں اتباع سنت کو ملحوظ رکھیں درود شریف کا خاص اہتمام کیا کریں نیز حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب نور اللہ مرقدہ‘ کی کتابوں کو بکثرت مطالعہ میں رکھا کریں ان شاء اللہ اس سے بہت فائدہ ہوگا موقعہ ہو تو سننے سنانے کا بھی نظام بنالیں اللہ پاک تمام پریشانیوں سے نجات عطا فرمائے، حلال روزگار برکت والا عطا فرمائے، سعادت دارین سے نوازے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند