• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 168722

    عنوان: گھر میں ٹیلی ویژن رکھنااور ویڈیو گیم کھیلنے كے لیے بچوں كو دینا؟

    سوال: میں یہ جاننا چاہ رہا تھا کہ کیا گھر میں ٹیلی ویژن رکھنے سے نحوست آتی ہے ؟ دوسرے یہ کہ کیا بچوں کو ویڈیو گیم کھیلنے کے لئے دیا جا سکتا ہے ؟ برائے مہربانی جلد جواب دیں تاکہ اصلاح ہوسکے ، نیز اپنے اور خاندان کے لئے آپ سبھی حضرات سے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے ۔

    جواب نمبر: 168722

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:561-458/N=6/1440

    (۱): جی ہاں! گھر میں ٹیلی ویزن رکھنے سے نحوست آتی ہے؛ کیوں کہ ٹیلی ویژن بے شمار دینی واخلاقی مفاسد ومضرات کا پٹارہ ہے۔

    (۲): جی! نہیں، بچوں کو ویڈیو گیم کھیلنے کے لیے نہیں دینا چاہیے، اس میں درج ذیل مفاسد ہیں:

    الف: جو بچے ویڈیو گیم دیکھتے اور کھیلتے ہیں، وہ عام طور پر گیم کے انتہائی رسیہ اور عادی ہوجاتے ہیں ، پھر وہ پڑھنے سے جی چراتے ہیں اور پڑھائی میں بالکل محنت نہیں کرتے۔

    ب: ویڈیو گیم میں جان دار کی تصویریں ہوتی ہیں اور شریعت میں بالقصد وارادہ جان دار کی تصویر دیکھنا بھی ناجائز ومنع ہے۔ اوربچے اگرچہ مکلف نہیں ہوتے؛ لیکن جب بچے بچپن میں تصویر کے سلسلہ میں غیر محتاط ہوں گے تو بڑے ہونے پر بھی ایسے ہی رہیں گے۔ نیز بڑوں کے لیے جو کام منع ہیں، بچوں کو بھی ان سے بچانا چاہیے ۔

    ج: ویڈیو گیم عام طور پر لا یعنی وبے فائدہ ہوتے ہیں، ان میں وقت کی بربادی وغیرہ کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔

    (۳): اللہ تعالی آپ اور آپ کے خاندان ؛ بلکہ ہر مسلمان کے جملہ مقاصد حسنہ میں کام یابی عطا فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند