• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 165194

    عنوان: عبادت کسے کہتے ہیں اور اس کے معنی کیا ہیں؟

    سوال: حضرت، میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ عبادت کسے کہتے ہیں اور اس کے کیا معنی ہیں؟ کیا صرف کلمہ ، نماز ، روزہ ، حج اور زکات ہی عبادت ہے؟ کیا سنت پر عمل کرنا عبادت ہو گا؟ اگر ہم سنت پر عمل کرتے ہیں تو کیا ۲۴/ گھنٹے کی زندگی میں کھانا، پینا ، اٹھنا بیٹھنا ، والدین کی خدمت اور بزنس وغیرہ وغیرہ سب عبادت ہوں گے؟ کیا اللہ اور رسول پاک (صلی اللہ علیہ وسلم ) کے حکم کو پورا کرنا سب عبادت ہوگا؟ کیا درود شریف بھی عبادت ہے؟ کیونکہ اس میں نبی پاک (صلی اللہ علیہ وسلم) کا ذکر ہے، اللہ کا تو نہیں۔ کیا حجر اسود کو بوسہ دینا بھی عبادت ہوگا؟ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 165194

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 24-28/M=1/1440

    عبادت کے معنی بندگی اور طاعت کے ہیں، عبادت صرف کلمہ، نماز، روزہ، حج اور زکات کا نام نہیں بلکہ ہر وہ کار خیر اور مباح عمل بھی عبادت میں داخل ہے جو خالص اللہ کے لئے کیا جائے اور شریعت کے مطابق کیا جائے، پس سنت پر عمل کرنا بھی عبادت ہے، اور ۲۴/ گھنٹے کی زندگی میں کھانا، پینا، اٹھنا بیٹھنا، والدین کی خدمت کرنا اور تجارت وغیرہ کرنا یہ سب کام عبادت بن سکتے ہیں بشرطیکہ سنت و شریعت کے مطابق انجام دئے جائیں، درود شریف بھی عبادت ہے، ذکر بھی عبادت ہے اور حجر اسود کو بوسہ دینا بھی عبادت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند