• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 160489

    عنوان: میں نے ایک موضوع پر خواب دیکھا ہے

    سوال: حضرت، میں نے ایک موضوع پر خواب دیکھا ہے۔ خواب حسب ذیل ہے۔ خواب کا پس منظر: میں ابھی کالج میں بی ٹیک (B.tech) کر رہا ہوں۔ جب میں دسویں کلاس میں پڑھتا تھا تو ایک لڑکی سے مناسبت پیدا ہوگئی اور اس سے مجھے محبت ہوگئی ۔ اور ہمارے بیچ اچھی بات چیت ہونے لگی۔ دسویں کے بعد میں جماعت میں چلا گیا تو پردہ محرم سب کے بارے میں شکوہ، وہاں سے واپسی پر نہ چاہتے ہوئے بھی میں نے اس لڑکی سے کہہ دیا کہ اب میں اس سے بات نہیں کرسکتا نامحرم ہونے کی وجہ سے، اور اس سے بات چیت بند کردی، پر کبھی کبھی دوستوں سے فیس بک پر اس کے حال احوال کے متعلق دریافت کرتا رہتا تھا۔ گذشتہ سال عید الفطر کے موقع پر جب بے قراری بہت بڑھ گئی تو میں نے استخارہ کیا اور اپنے والدین اور اس لڑکی کو ساری بات بتانے کا ارادہ کیا۔ والدین کو ساری بات بتادیا، اور والدین کی اجازت سے اس لڑکی کو بھی ساری بات میسج کیا۔ پہلے تو اس کا جواب آتا رہا، پر میں نے جب اس سے نکاح کی بات کیا تو اس نے سکوت اختیار کرلی اور پھر اس کا ایک بھی جواب نہ آیا۔ میرے والدین نے لڑکی کے والدین کو بھی فون کرکے بات کرنا چاہا پر راستہ سازگار نہ ہو پایا اور بات بیچ ہی میں پڑی رہ گئی۔ پھر مجھے کسی تیسری سے پتا چلا کہ وہ لڑکی اس وقت میرے ہی دسویں کلاس کے کسی لڑکے کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے اور ہو سکتا ہے کہ بات نکاح تک پہنچے۔ ان دونوں کے والدین کو اس بارے میں پتا ہونا ثابت نہیں۔ خواب نمبر (۱) لڑکی کے والد نے مجھے فون کرکے پوچھا کہ میں ان کی بیٹی سے کیوں بات کرتا ہوں، تو میں نے دسویں کلاس کا سارا قصہ ان کو سنایا، پھر میں نے دیکھا کہ اچانک میرا بھانجا ان سے بات کر رہا ہے اور آخر میں وہ بہت خوشی کا اظہار کر رہا ہے جیسے یہ کہنا چاہتا ہو کہ اس کے والد مجھ سے راضی ہوگئے۔ اسی وقت میری والدہ کمرہ میں آتی ہیں اور میرے بھانجے نے صرف مجھے چڑھانے کے لئے ان سے کہا کہ میں نکاح کرکے اس لڑکی کے ساتھ اپنی والدہ سے دور چلا جاوٴں گا۔ تو میری والدہ مایوس ہوگئیں۔ پھر میں نے جب ان کو ساری بات سنائی تو بڑی اطمینانی ہوئی ا ن کو اور میری آنکھ کھل گئی۔ خواب نمبر (۲) میں دیکھتا ہوں کہ میں اس لڑکے سے ویڈیو کال پر بات کر رہا ہوں، پھر تھوڑی دیر بعد وہ لڑکا اس لڑکی سے اسرار کرنے لگتا ہے کہ وہ بھی مجھ سے ویڈیو کال پر بات کرلے، وہ اس لڑکا کے پاس ہی بیٹھی تھی پروہ مجھ سے بات کرنے میں ہچکچا رہی تھی، اس لڑکے نے مجھے یہ بتانا چاہا کہ ان دونوں کا نکاح ہو گیا ہے۔ لڑکی تھوڑی دیر بعد مجھ سے بہت اچھے سے بات کرنے آئی پر پھر مایوس دکھنے لگی اور جس سے اس کا نکاح ہوا تھا اس سے ناراض ہوگئی۔ کیونکہ وہ مجھ سے بات کرکے مجھے پریشان اور بے قرار کرنا نہیں چاہتی تھی۔ اُن دونوں کا نکاح کا ہو جانا جان کر میں بڑا پریشان ہوا او ربے قراری مزید بڑھتی گئی۔ پھر میں نے بار بار کوشش کی کہ اس کو فون کرکے اس سے ایک بار اطمینان سے بات کرلوں اور مقدر کے اس فیصلے پر راضی ہو جاوٴں، پر جب بھی میں اس لڑکے کو فون کرتا ہوں وہ کسی نہ کسی طرح بات ہونے نہ دیتا، اور میں پریشان ہوتا گیا۔ پھر دوسرے دن میں کسی تیسرے آدمی سے اس کا ذکر کرتا ہوں تو وہ کہنے لگا کہ اس کے علم کے مطابق نکاح ابھی نہیں ہوا ہے، پر کچھ دن میں ہونے کی بات ہے۔ اور کہنے لگا کہ مزید معلومات کر کے وہ مجھے اطلاع کرے گا۔ مجھے تھورا اطمینان ہوا او راس طرح میری آنکھ کھل گئی۔ سوال: حضرت میں اس معاملہ کو لے کر کافی پریشان ہوں، کبھی کبھی ذہن بھی متأثر ہو جاتا ہے۔ آپ ان خوابوں کی تعبیر بتائیں کہ کیا اس کا کچھ تعلق میرے معاملے سے ہے، ورنہ ایسی صورت میں مجھے کیا کرنا چاہئے؟ اللہ کے تمام فیصلوں میں میں راضی ہوں، الحمد للہ۔ میں جماعت میں بھی جاتا رہتا ہوں، اعمال کی پابندی بھی کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور کافی حد تک تمام گناہوں (انفرادی اور اجتماعی) سے بچنے کی کوشش کرتا ہوں۔

    جواب نمبر: 160489

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:896-56T/H=7/1439

    آپ کے دونوں خوابوں کی تعبیر بھی یہی ہے کہ اس اجنبیہ لڑکی سے تعلق رکھنے میں دنیا وآخرت کے نقصان کا سخت اندیشہ ہے اور اس کے ساتھ نکاح کی فکر میں رہنے سے انتشار ذہنی اور پریشانی میں اضافہ ہوگا، آپ ہرنماز کے بعد اور سوتے وقت تین تین مرتبہ اول وآخر درود شریف اور بیچ میں تین دفعہ سورہٴ الحمد شریف مکمل پڑھ کر اپنے سینہ پر دم کرلیا کریں اور والدین کے توسط سے کوئی مناسب رشتہ تلاش کرکے جلد اپنا نکاح کرلیں اور بیوی کے ساتھ حسن معاشرت سے گذر بسر کا قوی عزم کرلیں اللہ پاک آپ کی نصرت ومدد فرمائے، اآمین

    اعمالِ صالحہ میں اپنے آپ کو لگائے رکھیں گناہوں سے بچاتے رہیں، اور جماعت میں پابندی سے اپنا وقت لگاتے رہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند