• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 154357

    عنوان: میں نے خواب میں دیکھا کہ نماز فجر ادا کرنے کے بعد میں آسمان کی طرف نگاہ اٹھا کر اللہ سے کہتی ہوں ......

    سوال: کچھ سالوں سے میں بہت زیادہ پریشان ہوں، میں اللہ سے ہمیشہ مدد کی دعا کرتی ہوں۔ مجھے ایک لڑکے سے شادی کرنی ہے، اسی لیے میں اللہ سے مدد مانگتی ہوں اور میں نے خواب میں دیکھا کہ نماز فجر ادا کرنے کے بعد میں آسمان کی طرف نگاہ اٹھا کر اللہ سے کہتی ہوں کہ اے اللہ! میرا تیرے سوا کوئی نہیں، میری مدد کر، تو آسمان سے گہرے سفید پرندوں کی جماعت زمین پر اترتی ہے اور وہ انسانوں کی شکل لیتے ہیں، وہ سفید لباس میں ہیں اور ان کے چہرے ماشاء اللہ کیا خوبصورت اور چمک دار ہیں، ان میں عورتوں اور مرد دونوں ہیں، عورتیں سفید کفن میں اپنے بالوں کو ڈھانپے ہوئی ہیں، اور وہ جماعت میری طرف سے گزرتی ہے اور میں انہیں سلام کہہ کر مسکراتی ہوں، اور پھر میں آسمان پر نگاہ کر کے کہتی ہوں یا رب مدد تو پیراڈائس برڈ (جنتی پرندہ) نام کا پرندہ جو پیلا اور براوٴن رنگ کا ہوتا ہے میرے کندھے پر آکر بیٹھتا ہے اور مجھے چومتا ہے، میں اس کے ساتھ کسی درگاہ جیسا کچھ مکان میں اپنے بہنوئی سے ملتی ہوں اور وہ مجھے برا بھلا کہتے ہیں، میں ان سے ناراض ہو کر واپس آتی ہوں، جب وہ پرندہ مجھ سے غائب رہتا ہے راستے میں میں نے آسمان پر ۳- ۴/ ٹیوب لائٹ کے اوپر دیہ سلگائے ہوئے دیکھتی ہوں جیسے کوئی فرشتہ میرے انتظارمیں ہو، اور میں وہاں سے واپس آکر کسی دو مرد کے پاس مدد کے لیے جاتی ہوں اور ان سے کہتی ہوں کہ میری فلاں کے ساتھ شادی ہونے میں مدد کریں، وہ میرا مذاق اڑاتے ہیں اور میں ڈر کے مارے کہیں اس لڑکے کی شادی تو نہیں ہوگئی، جاننے کے لیے بھاگ کر گلی میں دیکھتی ہوں، وہاں سب کچھ ویران رہتا ہے مگر شامیانہ رہتا ہے۔ اور میں اللہ سے دعا مانگتی ہوں کہ اے اللہ! ہمیں ملادے۔ انہیں الفاظ کے ساتھ میری آنکھ کھل گئی اور میں یہی بڑبڑا رہی تھی کہ اللہ ہمیں ملادے! برائے مہربانی صحیح تعبیر بتاکر ہماری اللہ کے لیے مدد کریئے گا۔ اللہ ہم سب کو جزائے خیر دے۔

    جواب نمبر: 154357

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1296-220/D=12/1438

    بسا اوقات انسان جس طرح کی باتیں بیداری میں سوچتا ہے اور اچھے برے خیالات اس کے ذہن میں آتے ہیں سونے کی حالت میں وہی خیالات مجسم شکل میں ظاہر ہو جاتے ہیں در حقیقت شادی کے سلسلے میں ذہن میں آنے والے مختلف تصورات اور خوشنما خیالات کا عکس پرندوں کی شکل میں بحالت خواب ظاہر ہوا ہے، لہٰذا اس کی تعبیر کے درپے نہ ہوں۔

    اور جس جگہ آب چاہتی ہیں اس کے لیے جائز اور مناسب تدبیر اختیار کریں مثلاً گھر کے ذمہ دار (والدین) تک اپنا خیال پہنچائیں پھر وہ لڑکے کے گھر والوں کو پیغام دینے کے سلسلے میں غور کریں مناسب ہو تو پیغام دے دیں پھر لڑکے کے گھر والے اگر منظور کرلیتے ہیں تو مقصد حاصل ورنہ اللہ تعالی کے فیصلے پر راضی رہیں اور جہاں دوسری جگہ رشتہ ہو جائے اسی کو اپنے حق میں بہتر سمجھیں۔

    مناسب رشتہ ملنے یا پیش نظر رشتے کے بہتر ہونے کے سلسلے میں احادیث میں استخارہ کرنے کا حکم آیا ہے، استخارہ کا طریقہ بہشتی زیور، یا طریقہ نماز کی کتابوں میں لکھا رہتا ہے، اسے اپنائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند