• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 149452

    عنوان: ایک گلہری گاڑی کے پہیہ کے نیچے آکر مرگئی ، اس کا کفارہ کیا ہے؟

    سوال: آج ظہر کی نماز سے فارغ ہوکر آتے وقت میری گاڑی (دو پہیہ والی) کے سامنے ایک گلہری آگئی، میں نے بہت بچانے کی کوشش کی، بریک بھی لگایا، گاڑی کو دوسری طرف بھی کیا مگر گلہری بھی اسی طرف آگئی اور مرگئی۔ میں نے اس کو روڈ کے کنارے پر مٹی میں دفن کردیا تاکہ کوئی اور اس پر گاڑی نہ چڑھادے، مگر اب میں بہت بے چین ہوں کہ کیا میں اللہ پاک کے نزدیک قاتل ہو گیا؟ اور میں توبہ و استغفار بھی کر رہا ہوں مگر خیال آرہا ہے کہ میرے خلاف محشر میں یہ گلہری نہ جائے۔ گذارش ہے کہ کوئی ایسا کام بتادیں جس سے کفارہ ہو جائے، تو بہ و استغفار تو کرہی رہا ہوں مگر کوئی ایسا کام کرنے کے لیے بتادیں جس سے دل کو تھوڑی بہت تسلی مل جائے۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 149452

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 537-483/N=6/1438

     گلہری جانور ہے، انسان نہیں، دھوکہ سے وہ آپ کی گاڑی کے پہییے کے نیچے آگئی اور مرگئی، جب کہ آپ نے دیکھنے کے بعد بچانے کی بہت کوشش کی ، اللہ تعالی آپ کی مغفرت فرمائیں، آپ صدق دل سے توبہ واستغفار کی کثرت رکھیں، انشاء اللہ آپ کے تمام گناہ معاف ہوجائیں گے اور آپ کو قلبی سکون محسوس ہوگا، گناہ کا احساس اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے اور اگر یہ احساس سچا ہو اور درجہ بہ درجہ ہر گناہ کے متعلق ہوتا ہو تو ایسا انسان بہت جلد اللہ تعالی کا محبوب ومقرب بندہ بن جاتا ہے ، اللہ تعالی ہم سب کو گناہوں کا سچا احساس عطا فرمائیں اور کثرت استغفار کی توفیق مرحمت فرمائیں ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند