• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 1299

    عنوان:

    میں نے دیکھا کہ میرے علاقہ میں میرے گھر کے علاوہ سارے گھر تباہ و برباد ہوچکے ہیں۔ پورا علاقہ چٹیل میدان دکھائی دے رہا ہے اور ہر آدمی کہتا ہے کہ ...

    سوال:

    گذشتہ کچھ برسوں میں میں نے تین خواب دیکھے جو ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ میں نے دیکھا کہ میرے علاقہ میں میرے گھر کے علاوہ سارے گھر تباہ و برباد ہوچکے ہیں۔ پورا علاقہ چٹیل میدان دکھائی دے رہا ہے اور ہر آدمی کہتا ہے کہ چپ رہو، چپ رہو ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم آرہے ہیں۔ اچانک میں نے دیکھا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کافی دور سے تشریف لارہے ہیں اور کچھ دیر کے بعد گھر کے قریب سے گزرے لیکن خوش نہیں تھے۔

    (۲) ایک دوسری رات میں نے دیکھا کہ میں اپنے محلہ میں کہیں جارہا ہوں ۔ میں نے سنا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کسی درخت کے نیچے تشریف رکھتے ہیں ۔ جب میں وہاں گیا تو آپ کو وہاں پایا اور دیکھا کہ آپ ہر شخص کو دودھ تقسیم فرمارہے ہیں۔ مجھے بھی ایک بوتل مل گئی، اسے لے کر میں آپ کے پاس گیا اور آپ نے اسے دودھ سے بھر کر مجھے واپس کردیا۔ میں اس وقت بہت خوش تھا جب میں نے محسوس کیا میری خالہ کا گھر قریب ہی میں ہے۔ میں نے سوچا کہ وہاں سے کچھ بوتلیں اور لے آؤں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے دودھ حاصل کروں۔ لیکن جب میں خالہ کے گھر سے بوتلیں اکٹھی کرکے لایا تو دیکھا کہ وہ جگہ بند ہوگئی جہاں آپ تشریف رکھتے تھے۔

    (۳) اس سے میں بہت مغموم ہوا۔ میں نے صرف نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا روضہٴ مبارکہ دیکھا ۔ میں متفکر ہوں کہ میں نے بہت زیادہ گناہ کیے ہیں اسی لیے نبیصلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا چہرہٴ انور مجھے نہیں دکھایا۔ میں اس سلسلے میں پریشان ہوں، جلد جواب دیں۔

    جواب نمبر: 1299

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى:  1166/هـ = 882/هـ)

     

    (۱) یہ تباہی اور بربادی گناہوں کی کثرت اور اعمال صالحہ سے بے توجہی ہے مسلمانوں کے دینی حالات میں ابتری دیکھ کر حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ناراضگی ہے یہ تعبیر ہے آپ کے پہلے خواب کی۔

    (۲) دودھ کا حاصل ہونا بہت مبارک ہے ان شاء اللہ علومِ دینیہ اور اعمال صالحہ میں پختگی کی دولت نصیب ہوگی، بس اتباعِ سنت میں قدم مضبوط رکھئے۔

    (۳) طبعی غم ہے، شرعاً یہ امر موجب غم نہیں، البتہ آپ درود شریف کی کثرت اور تلاوت کا خصوصی اہتمام رکھا کریں تو ان شاء اللہ بے حد فائدہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند