• معاملات >> دیگر معاملات

    سوال نمبر: 171108

    عنوان: ہیوی ڈپازٹ دے کر متعارف کرایہ سے کم پر کرایہ داری کا معاملہ کرنا

    سوال: اگر مالک مکان اپنے مکان کو ہیوی ڈپوزٹ (heavy deposit) پر دینا چاہے اور کم سے کم کرایہ لے جیسے 500روپئے تو کیا حکم ہے؟ میں اس مکان کو کم ڈپوزٹ اور کم کرایہ پر لینا چاہتاہوں، تو کیا یہ میرے لیے حلال ہے اگر میں اس مکان کو ہیوی ڈپوزٹ پر لوں ، چونکہ مالک کا اسی پر اصرار ہے، وہ کم ڈپوزٹ اور کرایہ پر مکان دینے سے منع کرتے ہیں۔ نیز اس علاقے میں کم ڈپوزٹ اور کرایہ پر بہت کم مکانات ملتے ہیں، کم ڈپوزٹ اور کرائے پر مکان کے لیے مجھے لمبا سفر کرنا پڑ سکتاہے۔ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 171108

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:897-787/sd=11/1440

    ہیوی ڈپازٹ دے کر متعارف کرایہ سے کم پر کرایہ داری کا معاملہ کرنا جائز نہیں؛ کیوں کہ کرایہ داری کے معاملہ میں کرایہ دار ڈپازٹ کے نام پر مکان مالک کو جو رقم دیتا ہے، وہ شرعاً بہ حکم قرض ہوتی ہے، اور مکان مالک ڈپازٹ ہی کی بنیاد پر اس سے متعارف کرایہ سے کم کرایہ لیتا ہے ؛ جب کہ شریعت میں قرض خالص تبرع اور احسان کا معاملہ ہے، قرض کی وجہ سے مقروض سے کوئی بھی نفع حاصل کرنا جائز نہیں، وہ بہ حکم سود ہوتا ہے ؛ اس لیے صورت مسئولہ میں ہیوی ڈپازٹ دے کرمتعارف کرایہ سے کم پر کرایہ داری کا معاملہ کرنا شرعاً جائز نہیں ہے۔

     


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند