• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 165878

    عنوان: خفیہ اور پھر علانیہ دو دفعہ نکاح کرنا

    سوال: سوال: مین ایک لڑکی کو پسند کرتا ہوں اور وھ بھی مجھے پسند کرتی ہے ، ہم دونوں ایک دوسرے کو پوچھتے ہیں ، اور مجھے اپنے گھر کی طرف سے اجازت ملی ہوئی ہے کہ آ پ اپنی پسند کی شادی کر سکتے ہو اور لڑکی کو بھی اپنے گھر سے اجازت ملی ہوئی ہے پسند کی شادی کی، ہم ابھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اور اگر ابھی گھر والوں کو بولیں تو وہ منع کریں گے ، کہیں گے اپنی پڑھائی کرو پھر شادی اور انشااللہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے والدین وقت آنے پر راضی ہوں گے ۔ ہم ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں تو ہم نکاح کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہم گنا ہ سے بچیں ۔ اور دوبالغ گواہ کرکے ہم نکاح کر سکتے ہیں؟ اگر کرسکتے ہیں تو اس کا طریقہ کیا ہوگا؟ اور ایک لڑکی سے دو دفعہ نکاح کرسکتے ہیں ؟

    جواب نمبر: 165878

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 173-154/H=2/1440

    خفیہ اور دو دفعہ نکاح کرنا تو مفاسد سے خالی نہیں جب آپ دونوں کے گھر والوں نے من پسند نکاح کرنے میں آزادی دے رکھی ہے تو والدین کو راضی کرکے علی الاعلان نکاح کرلیں اگر والدین پڑھائی کاعذر کرکے روکیں تو حکمت نرمی سے ان کو سمجھوائیں بہتر یہ ہے کہ بااثر سنجیدہ مزاج معاملہ فہم دو چار اعزہ کو بیچ میں ڈال کر والدین کو راضی کرلیں اگر خدانخواستہ پھر بھی راضی نہ ہوں تو ان کومطلع کرکے علی الاعلان نکاح شرعی طریقہ پر باقاعدہ کروالیں، علوم عصریہ میں ڈگریاں حاصل کرنا اور گناہ سے بچنا دونوں میں اہم معاملہ گناہ سے اپنے آپ کو بچانے کا ہے اور بعد میں والدین ان شاء اللہ راضی ہوہی جائیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند