• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 161519

    عنوان: لڑکی اپنے کزن کو بچپن سے پسند کرتی ہو اور اسی سے شادی کرنے پر بضد ہو تو كیا كریں؟

    سوال: اگر کوئی لڑکی اپنے کزن سے بچپن سے محبت کرے اور و ہ لڑکا ہر اعتبار سے کفو میں ہو وہ ملک سے باہر رہتا ہو مگر لڑکی کے گھر والے کہیں اور لڑکی کی منگنی کردیں منگنی کے بعد لڑکی کا کزن تعلیم مکمل کرکے واپس آجائے اور رشتہ ڈال دے اور کہے کہ میری تو بچپن سے اس دوستی اور تعلق ہے نا جانے کب سے ہم ایک دوسرے سے باتیں کرتے ہیں وغیرہ اور لڑکی اپنے والدین سے مصر ہو کہ جہاں منگنی ہے انہیں جواب دیں مگر موجودہ منگنی متمول حضرات کے ہاں ہوئی ہے اس کی وجہ سے والدین کہتے ہیں کہ مال دار لوگ ہیں اور منع کرنے کی کوئی وجہ تو ہو اور مالدار لڑکا لڑکی کے مقابلہ میں خوبصورت بھی نہیں لڑکی کہتی ہے کہ اس سے زندگی بھر محبت نہیں کر پاؤں گی،نا میرے ساتھ زبردستی کی جاسکتی ہے اس صورت میں والدین کو کیا کرنا چاہیے ؟

    جواب نمبر: 161519

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:923-800/D=9/1439

    منگنی کی حیثیت وعدہ کی ہوتی ہے جس کے بارے میں ہدایت ہے الموٴمن إذا وعد وفی یعنی مومن وعدہ پورا کرنے والا ہوتا ہے، لیکن دوسری طرف رشتہ کے سلسلہ میں لڑکی یا لڑکے پر دباوٴ ڈالنا اور ان کی مرضی کے برخلاف رشتہ کردینا بہت سے مفاسد کا ذریعہ ہوگا، اس لیے دباوٴ ڈال کر رشتہ نہ کیا جائے اور لڑکی کو بھی چاہیے کہ والدین کی مرضی کے خلاف بات پر اصرار نہ کرے اور ان کی بات کا پاس ولحاظ رکھے تاکہ والدین کی سُبکی اور وعدہ خلافی کی وجہ سے بے عزتی نہ ہو۔ اس سلسلے میں ایسے سمجھ دار دین دار شخصیت سے مشورہ کرلیا جائے جو سب حالات سے واقف ہو، نیز اللہ تعالیٰ سے استخارہ بھی کرلیا جائے، والدین بھی کرلیں اور خود لڑکی بھی کرلے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند