• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 130935

    عنوان: رشتہ والدہ کو نا پسندہے ، کیا کروں؟

    سوال: میری عمر ۲۵/ سال ہے اور نکاح کے لیے لڑکی دیکھ رہا ہوں ۔ سوال: میرے لیے میری خالہ نے اپنی لڑکی کا رشتہ بھیجا ہے پر میرے گھر میں والدہ کے علاوہ سب راضی ہیں، والدہ منع کررہی ہیں ، خالہ کی لڑکی ہاتھ پیر سے معذور (handicapped) ہے، مجھے بھی لڑکی پسند ہے ، مجھے ابھی کیا کرنا چاہئے؟ دل کی سنوں یا والدہ کی ؟ (میں والدہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتا) ، میں نے دوسری لڑکیاں بھی دیکھی لیکن کوئی پسند نہیں آرہی ہے اور استخارہ میں بھی جواب نہیں مل رہا ہے۔

    جواب نمبر: 130935

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1488-1468/H=01/1438 روزآنہ صلوة الحاجہ دو رکعت نفل اور پانچ سو مرتبہ درود شریف پڑھ کر والدہ کی خوشامد کرتے رہئے اور ہر نماز کے بعد سورہٴ قریش تین مرتبہ اول و آخر درود شریف تین تین مرتبہ پڑھ کر نیز یہی عمل رات کو سوتے وقت کرکے بھی دعاء کا اہتمام کرتے رہئے اور خاص طور پر دعاء یہ بھی کرتے رہئے کہ یا اللہ میری والدہ صاحبہ کے دل کو اسی طرف مطمئن کردے کہ جس طرف میرا دل مائل ہے دلسوزی سے دعاء و خوشامد کا سلسلہ اخلاص کے ساتھ جاری رکھئے اللہ پاک آپ کو نکاح و دیگر مقاصدِ حسنہ میں کامیابی عطاء فرمائے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند