• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 154070

    عنوان: نئی تعمیر کی وجہ سے جمعہ موقوف کردیا تھا، اب دوبارہ شروع کرنا درست ہے؟

    سوال: میرا سوال ہے کہ ایک گاوٴں میں دو مسجدیں ہیں اور دونوں میں ۱۹۰۲ء سے جمعہ ہوتا تھا۔ تقریباً ۱۷- ۱۸/ سال پہلے فرش کی مرمت کی وجہ سے ایک مسجد میں جمعہ موقوف ہو گیا جو ابھی تک بند رہا۔ اب یہ مسجد دو منزلہ مکمل ہو گئی ہے، اور دوسری مسجد میں جگہ کی قلت بھی ہے، گاوٴں کے لوگ تعمیر شدہ مسجد میں جمعہ شروع کرنا چاہتے ہیں ، کیا یہ درست ہے؟

    جواب نمبر: 154070

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1382-1354/N=1/1439

    اگر سوال میں مذکور گاوٴں قریہ کبیرہ بہ حکم قصبہ ہے، یعنی: اس گاوٴں کی مردم شماری کم ازکم تین ہزار ہے ، گاوٴں میں اس کثرت سے مختلف دکانیں وغیرہ ہیں کہ گاوٴں والوں کی روز مرہ کی ضروریات گاوٴں سے ہی پوری ہوجاتی ہیں، اور پختہ مکانات اور متعدد پختہ سڑکیں اور گلیوں وغیرہ کی وجہ سے گاوٴں میں مدنیت کے آثار پائے جاتے ہیں ، اور مجموعی طور پر گاوٴں قصبہ جیسا معلوم ہوتا ہے اور ایک مسجد میں مسلسل جمعہ ہورہا ہے؛ لیکن اس میں جگہ کی تنگی ہے تو ایسی صورت میں دوسری مسجد میں بھی جمعہ کی نماز پڑھ سکتے ہیں، بلا کراہت درست ہے۔

    وتوٴدی في مصر واحد بمواضع کثیرة مطلقاً علی المذھب، وعلیہ الفتوی، شرح المجمع للعیني وإمامة فتح القدیر دفعاً للحرج (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الصلاة، باب الجمعة، ۳: ۱۵، ۱۶، ط: مکتبة زکریا دیوبند)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند