• متفرقات >> اسلامی نام

    سوال نمبر: 937

    عنوان:

    کیا راج یا راجا نام رکھ سکتے ہیں؟

    سوال:

    (۱) کیا راج یا راجا نام رکھ سکتے ہیں؟کیا ایسے نام منع ہیں؟

    (۲) کیا ٹائی کے ساتھ بلیزر (کھلاڑیوں کے پہننے کا رنگین کوٹ) پہننا اور اس میں نماز پڑھنا جائز ہے؟

    جواب نمبر: 937

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى:  348/ل = 348/ل)

     

    راج یا راجا نام رکھنا اسلام کی نظر میں پسندیدہ نہیں۔ یہ دونوں لفظ ہندی کے ہیں جس کے معنی بادشاہت اور بادشاہ کے ہیں۔ حدیث شریف میں آتا ہے وفي روایة مسلم: قال: أغیظ رجل علی اللہ یوم القیامة وأخبثہ رجل کان یسمی مَلِک الأملاک لا ملک إلا اللہ (مشکوة: ص407) کہ قیامت کے دن اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ ناپسندیدہ اور برا وہ شخص ہوگا جس کا نام شہنشاہ رہا ہو۔ بادشاہ صرف اللہ ہے۔ نام اچھے رکھنے چاہئیں۔ بہتر نام وہ ہے جس میں عبدیت کا اظہار ہو جیسے عبداللہ و عبدالرحمن یا پھر انبیا اور صحابہ کے ناموں پر نام رکھنا چاہیے۔ قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: تسمّوا بأسماء الأنبیاء وأجب الأسماء إلی اللہ عبد اللہ و عبد الرحمن (مشکوة: ص:409)

     

    (۲) یہ لباس غیر اسلامی ہے؛ اس لیے اس کو پہننا اوراس میں نماز پڑھنا مکروہ ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند