• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 38882

    عنوان: عقیدہ حیات النبی صلے اللہ علیہ وسلم وممات النبی صلے اللہ علیہ وسلم

    سوال: جناب ہمارے علاقہ میں کچھ عرصہ سے ایک بہت بڑا فتنہ ہم اہل دیوبند میں بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے کہ کچھ تو ہمارے بھائی عقیدہ حیات النبی صلى الله عليه وسلم کے قائل ہیں اور کچھ ممات النبی صلى الله عليه وسلم جو حیات النبی صلى الله عليه وسلم کے قائل ہیں وہ کہتے ہیں کہ نبی پاک صلى الله عليه وسلم اپنی قبر میں زندہ ہیں اور ہر درود پڑھنے والے کا درود سنتے ہیں اور جواب دیتے ہیں اور قبر میں نماز وغیرہ پڑہتے ہیں اور جو ممات النبی صلى الله عليه وسلم پر عقیدہ رکھتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ آپ صلى الله عليه وسلم درود وغیرہ نہیں سنتے، حیاتی کہتے ہیں کہ مماتی کے پیچھے نماز نہیں ہوتی اور مماتی کہتے ہیں کہ حیاتی کے پیچھے نماز نہیں ہوتی اور دونوں کے آپس میں بہت زیادہ اختلاف ہے دونوں کہتے ہیں کہ اصلی دیوبندی ہیں ایک جماعت ایک جید عالم حضرت مولانا غلام اللہ صاحب کی ہے جو کہ مماتی ہے اس کا نام اشاعت التوحید والسنہ ہے اور دوسری کہتی ہے کہ ہم اکابر کے مذہب اور امام ابو حنیفہ کے مذہب پر ہیں ۔ براہ مہربانی ہم لوگوں کی قرآن و حدیث سے صحیح رہنمائی کریں تاکہ ہم صحیح صرات مستقیم پر چل سکیں مماتی اپنی طرف سے دلائل دیتے ہیں اور حیاتی اپنی طرف سے قرآن و حدیث سے دلائل دیتے ہیں براہ مہربانی راہنماء کریں۔

    جواب نمبر: 38882

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1034-858/B=6/1433 عقیدہٴ حیات النبی کو لے کر آپس میں لڑنا اور ایک دوسرے کی تفصیل وتفتیش کرنا، یہ مسئلہ آپ کے یہاں بہت دنوں سے چل رہا ہے، اور بارہا یہاں سے قرآن وحدیث کی روشنی میں اپنے اکابر اہل سنت وجماعت کا عقیدہ لکھا گیا، مگر آپ لوگوں نے اپنی لڑائی کے سامنے ہمارے دارالعلوم دیوبند کے فتاوے کی کوئی قدر نہ کی، اور آپس میں لڑنے ہی کو ترجیح دی اور اب تک لڑرہے ہیں۔ اس لیے دارالعلوم نے آپ لوگوں کو جواب دینے سے ہاتھ کھینچ لیا۔ جب فتوے پر عمل ہی کرنا نہیں چاہتے تو یہاں استفتاء کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ آپ کے یہاں شیخ الحدیث حضرت مولانا سرفراز صفدر صاحب نے تسکین الصدور میں بہت مفصل طریقہ پر اس مسئلہ کو لکھ دیا ہے اور تمام اعتراضات کے جوابات بھی دئیے ہیں، وہی ہمارے دارالعلوم دیوبند اور جمہور اہل سنت والجماعت کا مسلک ہے۔ آپ اسے نہ مانیں آپ کا کام ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند