• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 172700

    عنوان: كلمات كفر زبان سے نكل جائیں تو كیا كرنا چاہیے؟

    سوال: میرا سوال ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی زبان سے کلمات کفر بولے یا پھر کوئی ایسا گناہ کردے جس سے وہ ایمان سے خارج ہوجائے تو ایسی صورت میں کیا کرنا چاہئے؟ کیا وہ شخص خود ہی اپنی زبان سے کلمہ پڑ ھ لے توایمان میں داخل ہوسکتاہے یا پھر کسی عالم کے پاس جاکے اسے کلمہ پڑھنا ہوگا؟ اور کونسا کلمہ پڑھے؟ اس کا طریقہ کیا ہے؟ کیا اسے غسل بھی کرنا ہوگا؟ اور ایسے کونسے گنا ہ ہیں جن کے کرنے سے آدمی ایمان سے خارج ہوجاتاہے؟شکریہ

    جواب نمبر: 172700

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1117-975/sd=1/1441

    تجدید ایمان کے لیے کسی عالم کے پاس جاکر کلمہ پڑھنا ضروری نہیں ہے اور نہ اس کے لیے غسل کرنا ضروری ہے؛ بلکہ خود ہی اگر کلمہ شہادت پڑھ لے، تو ایمان کی تجدید ہوجائے گی، واضح رہے کہ کفر یہ یا شرکیہ کلمات کی تعیین آسان نہیں ہے، اس لیے اگر کسی نے کوئی ایسا جملہ بولا ہو، تو پورے الفاظ نقل کرکے حکم معلوم کرلینا چاہیے اور عموما جو بڑے گناہ مسلمان سے صادر ہوتے ہیں، ان سے ایمان خارج نہیں ہوتا، صرف فسق لازم آتا ہے، جو سچی توبہ کرنے سے معاف ہوجاتا ہے، ہاں اگر شرک یا کفر کے قبیل کا گناہ ہو، مثلا: غیر اللہ کو معبود سمجھ کر اس کے سامنے سجدہ کرنا، تو اس سے ایمان خارج ہوجاتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند