• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 163099

    عنوان: کیا کرشن جی نبی تھے ؟

    سوال: سوال: مولانا میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ اس بات میں کتنی صداقت ہے کہ مہاراشٹر میں ایک اردو کی درسی کتاب میں غالبا" اس کا سبق استاد جی یا استاد محترم تھا جس میں ایک جملہ یہ بھی رقم تھا کہ استاد محترم کے ذریعے ہی ہمیں پتہ چلا کہ کرشن نبی تھے اور توریت میں اس کا ذکر موجود ہے ؟ اس بات کا ذکر جب دو تین اردوں داں حضرات کے سامنے کیا تو اس طرح کے ترک سامنے آئے میں انہیں کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں ۔ ۱- جواز پیش کرنے والے احباب کا ماننا تھا کہ قران مجید میں چونکہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو ملا کر ۲۶ انبیا کا ذکر موجود ہے جبکہ ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیا اس دنیا میں تشریف لائے تو ممکن ہے کہ کرشن بھی نبی تھے ۲- چند لوگوں کا ماننا ہے کہ کرشن کے حالات زندگی پڑھنے کے بعد یہ بات سامنے آتی ہے کہ ان کے عبادت کا طریقہ کچھ اس طرح تھا کہ جب شام کا وقت ہوتا تو وہ ایک درخت کے نیچے گائے کے چمڑے کو زمین پر بچھاتے اور اپنے ہاتھ باندھ کر جس جانب سورج غروب ہورہا ہوں اس طرف منہ کرکے کھڑے ہوتے ہیں اور بھگوان کو ہاد کرتے ہیں یہ تقریبا" نماز کا ہی طریقہ ہے تو عین ممکن ہے کہ وہ نبی رہے ہوں گے برائے کرم رہنمائی کریں۔

    جواب نمبر: 163099

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1143-967/N=11/1439

    جن انبیائے کرام کے اسمائے گرامی، نصوص (قرآن وحدیث) میں آئے ہیں، ان پر تو تعیین کے ساتھ ایمان لانا لازم وضروری ہے۔ اور جن کا نام نصوص میں نہیں آیا ہے تو محض تاریخی روایات یا دوسرے مذاہب کی کتابوں کی بنیاد پر ان کو نبی قرار دینا درست نہیں؛ البتہ بلا دلیل ان کو برا بھی نہ کہا جائے۔ حضرت فقیہ الامت رحمہ اللہ فرماتے ہیں: کرشن اور گوتم بدھ اور رام چندر وغیرہ کے صحیح حالات ہمارے علم میں نہیں، تاریخ میں رطب ویابس سب کچھ ہے جو کہ مفید یقین نہیں؛ اس لیے کف اللسان چاہیے (فتاوی محمودیہ جدید، ۱: ۴۴۹، جواب سوال: ۲۲۳، مطبوعہ: ادارہ صدیق ڈابھیل)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند