• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 161391

    عنوان: حنابلہ اشاعرہ ماتریدیہ میں کیا فرق ہے ؟

    سوال: حنابلہ اشاعرہ ماتریدیہ میں کیا فرق ہے ؟ اہل ظواہر عبد الغیزیز بن باز محمد صالح بن عثیمین اور ناصر الدین البانی کے کیا عقائد ہیں پہلے تین کے متعلق اور کیوں؟ مکمل اور مفصل بیان فرمائیں مع حوالے و امثلہ اور اردو ترجمہ۔

    جواب نمبر: 161391

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1141-1171/L=11/1439

    امام احمد بن حنبلکے متبعین حنابلہ یا حنبلی المسلک کہلاتے ہیں۔ اشاعرہ اور ماتریدیہ علم کلام کے دومکتب فکر کے نام ہیں اور یہ دونوں جماعتیں اہل حق میں سے ہیں، اور اس کی قدرے تفصیل یہ ہے کہ اشعریہ وہ حضرات ہیں کہ جو شیخ ابوالحسن اشعری رحمہ اللہ (۲۶۰--۳۲۴ھ) کی پیروی کرتے ہیں، امام ابوالحسن اشعری رحمہ اللہ چوکہ شافعی تھے اس لیے یہ مکتب فکر شوافع میں مقبول ہوا، یعنی حضرات شوافع عام طور پر کلامی مسائل میں اشعری ہوتے ہیں۔ (۲) ماتریدیہ یہ وہ حضرات ہیں کہ جو شیخ ابومنصور ماتریدی رحمہ اللہ (متوفی ۳۳۳ھ) کی پیروی کرتے ہیں، امام ماتریدی چونکہ حنفی تھے اس لیے یہ مکتب فکر احناف میں مقبول ہوا، احناف عام طور پر کلامی مسائل میں ماتریدی ہوتے ہیں، اشعریہ اور ماتریدیہ کے درمیان بارہ مسائل میں ا ختلاف ہے جو سب فروعی (غیراہم) مسائل ہیں، بنیادی کسی مسئلہ میں اختلاف نہیں ہے، ان بارہ مسائل کو علامہ احمد بن سلیمان المعروف ب ”ابن کمال پاشا“ رحمہ اللہ نے ایک رسالہ میں جمع کردیا ہے، یہ رسالہ مطبوعہ ہے۔ مذکورہ بالا حضرات کاان تین جماعتوں کے بارے میں کیا موقف ہے ہمیں معلوم نہیں ، تاہم یہ حضرات اور دیگر علماء عرب اپنے آپ کو سلفی کہتے ہیں اور سلفی درحقیقت وہ حضرات کہلاتے تھے جو صفاتِ خداوندی کی تاویل کے عدم جواز میں حضرات سلف صالحین حضرت امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ وغیرہ کے مسلک پر تھے یہ بھی اہل حق کی تین جماعتوں (اشعری، ماتریدی اور سلفی) میں سے ایک تھی مگر یہ اصطلاح آہستہ آہستہ متروک ہوگئی اور اس زمانہ میں جو سلفیت کو بمعنی ظاہریت یعنی عدمِ تقلید ِائمہ استعمال کیا جاتا ہے وہ تلبیس ہے اور لفظ کا غیر معروف معنی میں استعمال ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند