• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 148791

    عنوان: جمعہ کی سنن نوافل سے فراغت کے بعد ایصال ثواب کے لیے چنے پر سبحان اللہ ، الحمد للہ پڑھنا اور پھر اس کو مل کر کھانا؟

    سوال: ہمارے گاوٴں میں جب کوئی انتقال کر جاتا ہے تو ایصال ثواب کے لیے میت کے گھر والے جمعہ کے دن مسجد میں چندہ دیتے ہیں، جمعہ کی نماز کے بعد سنن و نوافل پڑھ کر سب لوگ مل کر چنا پر سبحان اللہ ، الحمد لللہ، اللہ اکبر پڑھتے ہیں، سارا پڑھ لینے کے بعد چنے میں میٹھی چیز ملاکر سارے نمازی کھاتے ہیں، کیا یہ طریقہ صحیح ہے یا غلط؟ رہنمائی فرمائیں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 148791

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 625-540/H=5/1438

    ایصالِ ثواب کا مذکورہ فی السوال طریقہ نہ قرآن کریم اور حدیث شریف سے ثابت ہے اور نہ ہی حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اورجاں نثار صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین سے اس کا ثبوت ملتا ہے، پس اس کا التزام خلافِ سنت ہے، البتہ ایصالِ ثواب کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ جو شخص جب چاہے جہاں چاہے اور جس قدر چاہے قرآن شریف درود پاک نوافل پڑھ کر یا کوئی بھی نفلی عبادت کرکے یا کسی غریب مسکین محتاج کی ضرورت پوری کرکے کسی مدرسہ مسجد وغیرہ میں ضرورت کا سامان دے کر الغرض کوئی بھی نیک کام کرکے یہ دعاء کرلیا کرے کہ یا اللہ اس کا ثواب فلاں کو پہنچادے یا فلاں فلاں کو پہنچادے بس یہ ایصال ثواب ہے اس کے لیے نہ دن کی تخصیص کی حاجت ہے نہ چنوں اور میٹھے وغیرہ کے انتظام کی ضرورت ہے نہ لوگوں (حفاظ وغیرہ) کو جمع کرنے کی حاجت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند