• معاملات >> سود و انشورنس

    سوال نمبر: 68992

    عنوان: عصری اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بنک سے سودی قرض لینا کیسا ہے؟

    سوال: (۱) غربت کے مارے شخص کے لیے عصری اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بنک سے سودی قرض لینا کیسا ہے؟ (۲) بیرون ملک دنیا کمانے گئے ہوئے شخص کی بیوی، نامحرم کے اس سے ملنے کے لیے ہوائی جہاز کا سفر کرسکتی ؟ جب کہ چند ماہ کا بچہ اس کے ساتھ دورانِ سفر موجود ہو۔ (۳) دکان ومکان میں خیر وبرکت حاصل کرنے، جنات وشیاطین کے اثرات کو زائل کرنے کے لیے، کسی حافظِ قرآن سے ۴۰/دنوں میں ہدیہ کے عوض سورة البقرہ کی تلاوت روزانہ کروانا جب کہ ہدیہ دینے والے کی زندگی میں نمازوں کی پابندی نہ ہو۔ (۴) مساجد کی صفوں کے نیچے نرم یا اسفنج کی طرح کوئی دبیز چیزوں کا بچھانا کیسا ہے؟ (۵) جمعہ کی نماز میں آنے والے نمازی اگر صرف دو رکعت فرض پڑھ کر بنا دعا کے ہی مسجد کے باہر نکل جائے ، ان کے اس عمل سے جمعہ کی فضیلت حاصل ہوگی؟

    جواب نمبر: 68992

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 550-550/M=10/1437 (۱) اس غرض کے لئے بینک سے سودی رقم لینا درست نہیں۔ (۲) مسافت شرعی کا سفر عورت کے لئے شوہر یا محرم کے بغیر طے کرنا درست نہیں، اور محرم کے لئے عقل و بلوغ شرط ہے بچہ ساتھ ہونا کافی نہیں۔ (۳) گنجائش ہے، او رہر مسلمان پر نمازوں کی پابندی لازم ہے حضرت مفتی تقی عثمانی صاحب دام فیوضہم لکھتے ہیں: ”قرآن کریم کی آیات یا سورتوں کی تلاوت اگر کسی دنیاوی مقصد کے لئے علاج کے لئے یا روزگار حاصل کرنے یا قرضوں کی ادائیگی کے لئے کی گئی تو اس میں تلاوت کا ثواب نہیں ہوگا لہذا وہ طاعت ہی نہیں وہ علاج کا ایک طریقہ ہے جو مباح ہے۔ چونکہ طاعت نہیں اس لئے اس پر اجرت لینا بھی جائز ہے ․․․ اسی طرح جو خاص دنیاوی مقاصد کے لئے ختم وغیرہ کراتے ہیں ان کی اجرت بھی جائز ہے۔“ (اسلام اور جدید معاشی مسائل ۴/۱۳۰) (۴) اگر صف یا اسفنج وغیرہ کا گدہ اتنا نرم ہے کہ اس پر سجدہ کرنے سے پیشانی دبتی چلی جاتی ہے زمین کی سختی کو نہیں پاتی تو اس پر سجدہ درست نہیں لہذا اس کو بچھانا جائز نہیں اور اگر ایسا نہیں ہے بلکہ پیشانی ٹک جاتی ہے استقرار جبہہ ہوجاتا ہے تو درست ہے۔ (۵) فرائض کے بعد دعا قبول ہوتی ہے اس لئے دعا مانگنی چاہئے تاہم اگر کوئی فرض پڑھ کر دعا کئے بغیر چلا جائے تو فرض نماز جماعت سے پڑھنے کی جو فضیلت ہے وہ حاصل ہوجائے گی لیکن اس کے بعد کی سنت اگر نہیں پڑھتا تو سنت سے محرومی کا گناہ بھی ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند