• معاملات >> سود و انشورنس

    سوال نمبر: 155085

    عنوان: قرض دے كر 7 سال بعد زائد رقم لینا؟

    سوال: میں بینک سے گاڑی خریدنا چاہتا ہوں اور میں شوروم نا جاکر بینک سے کہتاہوں کہ مُجھے کار چاہئے اور وہ تقریباً۱۰ لاکھ کی ہے شوروم پر مگر بینک مُجھے کہتاہے کہ مُجھے ۹٪ بِیاز دینا ہوگا جو کہ پھر وہ مُجھے ۷ سال بعد تقریباً ۱۳لاکھ ۵۰ ہزار کی پڑے گی اور میں اگر بینک کو رقم ادا بیچ بیچ میں زیادہ زیادہ رقم ادا کرتا ہوں تو پھر وہ ہوسکتاہے کہ مُجھے ۱۲ لاکھ کی پڑ جائے ، تو اس طرح سے لینا جائز ہے یا نہیںَ براہ کرم، بتائیں ۔

    جواب نمبر: 155085

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 38-24/N=1/1439

     صورت مسئولہ میں بینک آپ کو گاڑی کی مد میں دس لاکھ روپے بہ طور قرض دے کر آپ سے سات سال میں مزید کے ساتھ وصول کرے گا، یعنی: کل تیرہ لاکھ پچاس ہزار یا بارہ لاکھ وصول کرے گا اور مزید وصول کی جانے والی رقم شرعاً سود ہوگی اور شریعت میں جس طرح سود لینا حرام وناجائز اور لعنت کا کام ہے، اسی طرح سود دینا بھی حرام وناجائز اور لعنت کا کام ہے؛ اس لیے آپ بینک سے سودی قرض کے معاملہ کے ساتھ گاڑی نہیں خریدسکتے؛ البتہ اگر کوئی شخص نقد گاڑی خریدنے کی استطاعت رکھتا ہے؛ لیکن وہ صرف انکم ٹیکس کے مسائل کی وجہ سے مجبوراً نقد نہ خریدکر بینک سے سودی قرض لے کر خریدتا ہے تو شرعاً اس صورت میں گنجائش ہوگی؛ کیوں کہ اس صورت میں سودی قرض کا بنیادی مقصد انکم ٹیکس کے مسائل سے بچنا ہے۔(مستفاد: فتاوی نظامیہ اوندرویہ ۱: ۲۳۳، ۲۳۴، مطبوعہ: تھانوی آفسیٹ پرنٹرس ، دیوبند، مسائل سود، مرتبہ حضرت مولانا مفتی حبیب الرحمن صاحب خیرآبادی دامت برکاتہم العالیہ، ص ۲۴۴، ۲۴۵، مطبوعہ: حراء بک ڈپو، دیوبند)۔

    قال اللّٰہ تعالی:وأحل اللہ البیع وحرم الربا الآیة (البقرة: ۲۷۵)،عن جابر بن عبد اللّٰہ رضي اللّٰہ عنہما قال: لعن رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم آکل الربوا وموٴکلہ وکاتبہ وشاہدیہ، وقال: ہم سواء (الصحیح لمسلم، ۲: ۷۲، ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)، الربا فضل خال عن عوض بمعیار شرعي مشروط لأحد المتعاقدین في المعاوضة (تنویر الأبصار مع الدر والرد، کتاب البیوع، باب الربا، ۷: ۳۹۸- ۴۰۰، ط: مکتبة زکریا دیوبند) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند