• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 68150

    عنوان: حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کا یوم پیدائش منانا كیسا ہے؟

    سوال: محترم سوشل میڈیا پر ایک پیغام آتا ہے براہ کرم اس کے بارے میں بتائیں۔ مجھے لگ رہا ہے یہ صحیح نہیں ہے ہر دن یہی پیغا م آتا ہے پیغام کچھ یوں ہے:” نیٹ پیک ہو یا نہ ہو یہ پیغام سبھی کو بھیجیں ۔ کیوں کہ حضرت بی بی فاطمہ کی آج پیدائش کا دن ہے۔ دل میں کوئی ایک مراد رکھ کر بارہ لوگوں کو بھیج دیں ان شاء اللہ دعا پوری ہوجائے گی“۔ مبارک ہو قرآن شریف کو 1441سال ہوچکے ہیں۔ نئے سال پر تو بہت پیغام کرتے ہو اب دیکھتے ہیں کہ قرآن پاک کی مبارک باد کتنے لوگوں کو دیتے ہو“۔ اس کا جواب دیجئے اور براہ کرم حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کا یوم پیدائش بھی بتائیے۔

    جواب نمبر: 68150

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 971-1025/L=9/1437 (۱،۲) شریعت میں اولاً سالگرہ منانے کا ثبوت نہیں، اگر کسی بڑے کا اس کی تعظیم کی وجہ سے سالگرہ منانا جائز ہوتا تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی سب سے زیادہ اس لائق تھی کہ ان کی سالگرہ منائی جاتی؛ مگر سلفِ صالحین وائمہ اربعہ رحمہم اللہ سے کسی کی سالگرہ منانے کا ثبوت نہیں، اس لیے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا یا قرآن کریم کی سالگرہ منانا درست نہیں۔ ثانیاً میسج کے دوسرے جملے میں جو یہ بات مذکور ہے کہ مراد رکھ کر بارہ لوگوں کو بھیج دیں ان شاء اللہ دعاء پوری ہوجائے گی، یہ غیر اللہ کے لیے نذر ماننا ہوگا او رنذر لغیر اللہ حرام ہے، غالباً یہ بات شیعوں کی طرف سے چلائی جارہی ہے اہل سنت حضرات کو اس سے باز رہنا ضروری ہے۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی ولادت نبوت سے ۵/سال قبل ہوئی، دن کا صحیح علم نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند