• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 157178

    عنوان: بدعت کی کل اقسام کتنی ہیں؟

    سوال: حضرت مفتی جی میرا سوال ہے کہ بدعت کی کل اقسام کتنی ہیں؟

    جواب نمبر: 157178

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:446-380/H=4/1439

    ”بدعت شرعی کی دو قسمیں ہیں ایک بدعتِ اعتقادی اور دوسری بدعتِ عملی، اعتقادی بدعت یہ ہے کہ کوئی شخص یا گروہ ایسے عقائد ونظریات اختیار کرے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور سلف صالحین کے عقائد کے خلاف ہوں جیسے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں یہ عقیدہ رکھنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم عالم الغیب ، حاضر وناظر اورمختار کل ہیں، اسی طرح شیعہ خوارج معتزلہ قدریہ اور جبریہ وغیرہ گمراہ فرقوں کے عقائد باطلہ یہ سب اعتقادی بدعات ہیں اور یہ سب فرقے شرعی اصطلاح میں اہل بدعت ہیں، اصولِ حدیث کی کتابوں میں ان کے لیے یہی اصطلاح استعمال کی گئی ہے، اور عملی بدعت یہ ہے کہ عقیدہ تو درست ہو اور ایسے اعمال اختیار کرے کہ جو آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور سلف صالحین سے منقول نہیں ہیں جیسے مزاروں (قبروں) کو پختہ بنانا ان پر گنبد تعمیر کرنا اور قبروں پر چراغ روشن کرنا وغیرہ“۔ (محاضرہٴ علمیہ ص۳۱، جز نمبر۲)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند