• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 154178

    عنوان: کیسے فیصلہ کریں کہ اصل وارث کون ہیں؟

    سوال: ایک عورت جس کا نام زاہدہ تھا، اس کی شادی کے تین چار مہینہ بعد شوہر نے اسے طلاق دیدیا، زاہدہ سرکاری ٹیچر تھی اس نے آٹھ دس سال کی ایک لڑکی گود لے لی اور اس کی پرورش اپنی بیٹی کی ہی طرح کی، اس کو تعلیم دلائی اور سارے خرچے جو ایک بیٹی کے ہوتے ہیں اس پر کئے، لڑکی نے بھی اس کو اپنی ماں جیسا ہی مانا اور ہر کام میں اس کی بیماری یا اس کے کام میں مدد کرنا ہاتھ بٹایا۔ لڑکی اب بالغ ہے انٹرمیڈیٹ (Intermediate) کر چکی ہے۔ لڑکی کے اصلی ماں باپ اور بھائی بہن سے لڑکی کا کوئی واسطہ نہیں ہے جیسا کہ لڑکی کہتی ہے۔ لڑکی کی ماں زاہدہ کی تین بہنیں ہیں، اب لڑکی کی ماں زاہدہ کا انتقال ہو چکا ہے، زاہدہ نے جو لڑکی گود لی تھی اس کی کوئی سرکاری سند نہیں ہے لیکن اس کے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کی مارک شیٹ میں ماں کا نام زاہدہ ہی لکھا ہوا ہے، اپنی زندگی میں اپنی گود لی ہوئی بیٹی کو کچھ جگہ اپنے پیسے میں امیدوار (nominee) بھی بنایا ہے ایف ڈی ، آر ڈی (FD RD) وغیرہ، کیونکہ اب زاہدہ کا انتقال ہو چکا ہے تو اس کی پینشن، بینک بیلنس، بیمہ فنڈ اور زمین وغیرہ پر کس کا حق ہوگا؟ زاہدہ کی تین بہنوں کا یا اس گود لی ہوئی لڑکی کا؟ یہاں یہ بھی بتانا ضروری ہے کہ زاہدہ نے اپنی گود لی ہوئی بیٹی کی شادی اپنی ہی بڑی بہن کے لڑکے سے کروانے کو تیار تھی جس میں دونوں بہنیں راضی تھیں ایسا کہا جاتا ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ قرآن و حدیث کی روشنی میں بتائیں کہ زاہدہ کے پیسے اور جائیداد کا اصلی وارث کون ہے؟ تین بہنیں یا صرف لڑکی؟ کیونکہ ایک بہن کے بیٹے کہتے ہیں کہ ان کے سارے روپئے پیسے فنڈ،بیمہ بینک بیلنس اور جائیداد وغیرہ پر تینوں بہنوں کا حق ہوگا۔

    جواب نمبر: 154178

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1395-1402/B=1/1439

    زاہدہ نے جس لڑکی کو گود لیا ہے یعنی منہ بولی بیٹی بنائی ہے لڑکی کا زاہدہ کے ساتھ اور زاہدہ کا اس لڑکی کے ساتھ کوئی نسبی رشتہ نہیں ہے اس لیے زاہدہ مرحومہ کی پنشن کی رقم کی حقدار اور وارث منہ بولی لڑکی نہ ہوگی بلکہ اس کی حقیقی بہنیں وغیرہ ہوں گی۔ اسی طرح زاہدہ کے پیسوں، زیورات، جائداد اور دیگر سامانوں کی وارث اور حق دار اس کی حقیقی بہنیں وغیرہ ہوں گی منہ بولی لڑکی وارث نہ ہوگی۔ کیونکہ زاہدہ کے ساتھ لڑکی کا کوئی حقیق اور نسبی رشتہ نہیں ہے اس لیے محروم رہے گی۔ اسی طرح زاہدہ کے سارے پیسے ، بیمہ فنڈ ، بینک بیلنس وغیرہ ان کی تینوں نسبی بہنوں وغیرہ کو ملیں گے منہ بولی لڑکی محروم رہے گی۔ اور زاہدہ کی بڑی بہن کے لڑکے کے ساتھ منہ بولی لڑکی کا نکاح ہو سکتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند