• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 1923

    عنوان:

    حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی عمر ان کی شادی کے وقت کتنی تھی ؟

    سوال:

    میراسوال یہ ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی عمر ان کی شادی کے وقت کتنی تھی ؟ ہمیں تو یہی پتہ ہے کہ نوسال تھی لیکن ابھی ہمیں یہ پتہ چلا ہے کہ یہ غلط ہے ، ان کی عمر ۱۹/ سے ۲۱/ سال کے درمیان تھی ، کیا یہ صحیح ہے؟ جلد جواب دیں۔

    جواب نمبر: 1923

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 672/ د= 663/ د

     

    ہجرت سے تین سال قبل ماہ شوال 10 نبوی میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا کا نکاح ہوا، اس وقت ان کی عمر چھ سال کی تھی، ہجرت کے سات آٹھ مہینہ بعد شوال ہی میں رخصتی ہوئی۔ اس وقت ان کی عمر نو سال اور کچھ ماہ تھی۔ 9 سال آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجیت میں رہیں، جس وقت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہوا تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنھا کی عمر 18/ سال کی تھی، اڑتالیس سال آپ کے بعد زندہ رہیں اور 57ھ میں مدینہ منورہ میں وفات پائی، وفات کے وقت 66 سال کی عمر تھی۔ بخاری مسلم کی روایتوں نیز سیرت اور اسماء الرجال کی کتابوں میں یہ تفصیلات لکھی ہوئی ہیں۔ آپ کو جو پہلے سے معلوم ہے کہ نو سال کی عمر میں رخصتی ہوئی وہی صحیح ہے اور جو بات آپ کو بعد میں کہیں سے پتہ چلی یعنی 19-21 سال کی عمر کی بات نکاح کے وقت، یہ غلط ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند