• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 163096

    عنوان: ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت عیسیٰ وموسیٰ علیہما السلام کے مابین کتنا عرصہ تھا؟

    سوال: عاجز جاننا چاہتا ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ان تینوں انبیاء کے درمیان کا عرصہ کتنا تھا یعنی حضرت موسیٰ علیہ السلام کے وفات کے کتنے سال بعد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش ہوئی اور اسی طرح حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے آسمان پراٹھائے جانے کے کتنے سال بعد حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس دنیا میں تشریف لائے اور کیا ان تینوں انبیاء کے درمیان کوئی اور نبی بھی اس دنیا میں تشریف لائے ہیں؟

    جواب نمبر: 163096

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1263-1181/H=11/1439

    علامہ ابن الجوزی رحمہ اللہ نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے نقل فرمایا ہے کہ حضرت موسی اور حضرت عیسی علیہما الصلاة والسلام کے درمیان (۱۷۰۰) سترہ سو برس کا فاصلہ گزرا، اور اس سترہ سو برس کے عرصے میں صرف بنو اسرائیل میں سے ایک ہزار انبیاء علیہم الصلاة والسلام مبعوث کیے گئے اور بنو اسرائیل کے علاوہ بھی کچھ انبیاء علیہم الصلاة والسلام مبعوث ہوئے۔

    (۲) حضرت عیسیٰ علیہ الصلاة والسلام کے آسمان پر اٹھائے جانے کے (۵۶۹) پانچ سو انہتر برس کے بعد حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت ہوئی، ۵۶۹برس کے عرصے میں صرف تین انبیائے کرام مبعوث ہوئے، اس کے بعد چار سو چوراسی سال ایسے گزرے جس میں کسی نبی کی بعثت نہیں ہوئی۔ (المنتظم: ۲/ ۱۶-۱۷) لابن الجوزی رحمہ اللہ رحمة واسعہ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند