• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 169046

    عنوان: میڈیكل انشورنس کارڈ کے ذریعے علاج کروانا کیسا ہے؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مندرجہ ذیل مسائل کے بارے میں کہ! میں ایک ادارے میں ملازم ہوں انہوں نے سب ملازموں کو میڈیکل کارڈ بنا کر دیئے ہیں جس کے ذریعے ہر ملازم پورے سال میں ستر ہزار (70،000)کی مد تک میں علاج کروا سکتا ہے ۔پھر سال ختم ہونے پر ادارہ نیا کارڈ بنا کر دیتا ہے ۔لیکن اس میں مسئلہ یہ ہے کہ ادارے نے ہماری انشورنس کرا رکھی ہے ۔جس کی وجہ سے ادارہ ہماری ماہانہ تنخواہ میں سے دو سو روپے کاٹتا ہے (تاکہ انشورنس کی قسط ادا کرے )اور باقی رقم انشونس کمپنی کو ادارہ خود دیتا ہے ۔اب سوال یہ ہے کہ! 1. آیا ہمارا اس کارڈ کے ذریعے علاج کروانا کیسا ہے ؟ 2. کیا اس کی کوئی جائز صورت ہو سکتی ہے ؟

    جواب نمبر: 169046

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:563-500/sd=07/1440

     اگر آپ خود کوئی رقم انشورنس کمپنی کو نہیں دیتے ہیں ، ادارہ خود ہی آپ کی طرف سے انشورنس کرادیتا ہے اور خود ہی انشورنس کی قسطیں جمع کرتا ہے ، تنخواہ میں سے انشورنس کے نام پر ادارہ جو رقم کاٹتا ہے، اس میں آپ کے اختیار کا کوئی دخل نہیں ہوتا ، تو آپ کے لیے مذکورہ کارڈ سے فائدہ اٹھانے کی گنجائش ہوگی؛ البتہ اگر ادارہ کے ذمہ داران مسلمان ہیں، تو ان کے لیے اپنے اختیار سے ملازمین کا میڈیکل انشورنس کرانا جائز نہیں ہوگا ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند