• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 1474

    عنوان:

    جو لوگ مجھے تنگ کرتے ہیں کیا انھیں غنڈوں کو پیسہ دے کر پٹوانا صحیح ہے؟

    سوال:

    میں سعودی میں ملازم ہوں۔ میرے والد مذہبی شخص ہیں، انھوں نے سعودی میں ایک بزنس بھی چلا رکھا ہے۔ الحمد للہ ہم اپنے گاوٴں کے سب لوگوں سے زیادہ پیسہ کماتے ہیں۔ میرے گھر پر کوئی مرد نہیں رہتا۔ کچھ لوگ ہمارے حاسد ہیں، جب کہ ہم ان کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتے۔ اگر میں اپنے گھر جاتا ہوں تو وہ مجھے پریشان کرتے ہیں حتی کہ عوامی مقامات پر گالی دیتے ہیں۔ ہمارے گھر میں مرد اراکین کم ہیں اور وہ لوگ تعداد میں زیادہ ہیں، اسی لیے ہم ان سے مقابلہ بھی نہیں کرسکتے۔ اب معاملہ حد سے آگے بڑھ چکا ہے، میں ان کے خلاف کارروائی کرنا چاہتا ہوں۔ میرے سامنے دو راستے ہیں؛ یا تو پولس کو پیسہ دے کر ان میں سے کسی ایک کو مرواڈالوں یا غنڈوں کو پیسہ دے کر ان کی پٹائی کروادوں۔ یہ دونوں کام میرے لیے آسان ہیں؛ لیکن مجھے اللہ کا خوف ہے۔ البتہ دفاع و مزاحمت بھی ضروری ہے۔ میں کیا کروں؟

    جواب نمبر: 1474

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى:  878/ج = 878/ج)

     

    صورت مسئولہ میں پولس کو پیسہ دے کر اپنے حاسدوں اور بدخواہوں میں سے کسی کو جان سے مروادینا ہرگر جائز نہیں، اس میں ناحق قتل کروانے کا گناہ ہوگا اسی طرح غنڈوں کو پیسہ دے کر ان کے ذریعہ ان حاسدوں اور بدخواہوں میں سے کسی کو پٹوانا جب کہ انھوں نے آپ کو یا آپ کے گھر والوں میں سے کسی کو پیٹا نہیں ہے یہ بھی جائز نہیں؛ اور ان دونوں صورتوں کے ناجائز ہونے کے ساتھ ان میں دشمنی اور خطرات بڑھ جانے کا قوی اندیشہ ہے اس لیے آپ ان میں سے کوئی صورت اختیار نہ کریں، بلکہ آپ کے لیے مذکورہ پریشانی کے حل کی صورت یہ ہے کہ آپ جو پیسہ پولس یا غنڈوں کو دیں گے وہ ان لوگوں پر ہدیہ اوردعوت کی شکل میں خرچ کریں، اس سے ان شاء اللہ ان کی زبان بند ہوجائے گی اور ان کا حسد بھی ختم ہوجائے گا اور آپ خطرات اور ان کی اذیتوں سے بھی محفوظ ہوجائیں گے۔ اللہ آپ کی پریشانی دور فرمائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند