• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 52016

    عنوان: کیا صحاح ستہ کے علاوہ بھی کوئی مستند احادیث کی کتب موجود ہیں ؟

    سوال: (۱) میرا سوال یہ ہے کہ کیا صحاح ستہ کے علاوہ بھی کوئی مستند احادیث کی کتب موجود ہیں ؟ اگرہیں تو کونسی ہیں اور کتنی تعداد میں ہیں؟ کیوں کہ بعض حضرات یہ کہتے ہیں کہ صحاح ستہ کے علاوہ دوسری احادیث کی کتب نہیں ہیں اور وہ ان کو مانتے ہی نہیں ہیں ، کیایہ صحیح ہے؟ مہربانی فرما کر ناچیز کی رہنمائی فرمائیں۔ (۲) دوسرا سوال یہ ہے کہ صحاح ستہ جو احادیث کی کتب ہیں اگر ان کو نہ لیا جائے تو کیا پورا دین صحاح ستہ سے مل جاتا ہے ؟

    جواب نمبر: 52016

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1032-825/B=7/1435-U (۱) جی ہاں، صحاح ستہ کے علاوہ بہت ساری مستند احادیث کی کتب ہیں، تعداد تو معلوم نہیں، البتہ بعض مستند کتابوں کا نام درج ذیل ہے: موٴطا مالک، مسند احمد بن حنبل، صحیح ابن حبان، صحیح ابن خزیمہ، مصنف ابن أبي شیبہ، سنن دار قطني، مسند الإمام أبي حنیفة، موطا محمد، شرح معاني الآثار للطحاوي، سنن کبری للبیہقي، مصنف عبد الرزاق، معجم طبراني، شعب الإیمان للبیہقي وغیرہ۔ اور بعض کا یہ کہنا کہ صحاح ستہ کے علاوہ دوسری احادیث کی کتب نہیں ہیں، ان کا یہ کہنا حقیقت کے خلاف اور غیر صحیح ہے اور ان کتابوں کو نہ ماننا جہالت، تعصب اور گمراہی کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ (۲) دین کا پورا حصہ صحاح ستہ ہی میں نہیں بلکہ دوسری احادیث کی کتب میں بھی دین کا بڑا حصہ موجود ہے، اس وجہ سے احادیث کی جتنی مستند کتابیں ہیں، ان سب کو ماننا ضروری ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند