• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 177483

    عنوان: کیا مغرب اور عشاء کے وقت فرشتے زمین پر آتے ہیں؟

    سوال: مفتی صاحب میں کچھ سوالات کے مفصل جوابات چاہتا ہوں، میرا سوال ہے کہ کیا مغرب اور عشاء کے وقت فرشتے زمین پر آتے ہیں؟ اور کیا اس وقت گھروں میں اجالا و روشنی جلانی چاہئے ؟ اور میرا دوسرا سوال یہ ہے کہ آجکل عورتوں اور بچیوں پر زور و زبردستی کی جاتی ہے کہ آپ نے آزان کے وقت ڑوپٹہ لینا ہے تو کیا اس بات کی کوئی اصل ہے؟ اور میرا تیسرا سوال یہ ہے کہ کیا یہ بات شرعاً درست ہے کہ استاد اپنے شاگرد کے جسم کے جس حصے پر مارے گا وہاں آگ ہرام ہوجائے گی؟ برائے مہربانی میرے سوالات کے جوابات مؤثر و مدلل انداز میں دے کر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں۔ جزاک اللّہ خیرا

    جواب نمبر: 177483

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 544-464/D=07/1441

    (۱) حدیث میں ہے: ”تمہارے درمیان کچھ فرشتے دن میں اور کچھ فرشتے رات میں باری باری آتے ہیں، اور فجر اورعصر کی نماز میں جمع ہوتے ہیں، پھر رات والے فرشتے اوپر چلے جاتے ہیں، تو اللہ تعالی ان سے سوال کرتے ہیں (جب کہ اللہ تعالی زیادہ جانتے ہیں) کہ تم نے میرے بندوں کو کس حال میں چھوڑا ہے؟ تو وہ کہتے ہیں ہم نے ان کو اس حال میں چھوڑا کہ وہ نماز پڑھ رہے تھے، اور ان کے پاس اس حال میں پہنچے کہ وہ نماز پڑھ رہے تھے،“ (البخاری، کتاب مواقیت الصلاة، باب فضل صلاة العصر، رقم: ۵۵۵) اس سے معلوم ہوا کہ فجر کی نماز میں دن کے فرشتے آتے ہیں، اور رات کے فرشتے چلے جاتے ہیں، پھر وہ عصر کی نماز میں آتے ہیں، تو دن کے فرشتے چلے جاتے ہیں، اس لئے اتنی بات تو درست ہے کہ شام کو فرشتے اترتے ہیں؛ لیکن فرشتوں کی آمد کی وجہ سے روشنی کرنا درست نہیں۔ ہاں روشنی کی ضرورت ہو (مثلاً اندھیرا ہو) تو روشنی کرنی چاہئے۔

    (۲) عورتوں کو عام حالات میں بھی سر پر دوپٹہ رکھنا چاہئے، کیونکہ پردہ جہاں تک ممکن ہو اچھی بات ہے، اذان کا جواب دینا مستحب ہے، اسی کے ادب کے تقاضے سے عورتیں دوپٹہ سر پر رکھتی ہیں، پس یہ آدابِ اذان کے تقاضے سے ہے جو اچھی بات ہے۔

    (۳) اس طرح کی کوئی حدیث نہیں مل سکی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند